لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2026ء) یوٹیوبر رجب بٹ کی اہلیہ نے بچے کے ماہانہ خرچے اور جہیز کا سامان واپس لینے کے لیے دعوی دائر کردیا۔ گارڈین کورٹ نے رجب بٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ رجب بٹ نے شادی کے کچھ ماہ بعد انہیں گھر سے بے دخل کردیا اور طلاق کا نوٹس بھی بھجوا دیا ہے، تاہم طلاق تاحال مثر نہیں ہوئی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ شادی کے وقت ان کے والدین نے 87لاکھ 92ہزار روپے مالیت کا جہیز دیا تھا لیکن رجب بٹ کی فیملی نے تاحال سامان واپس نہیں کیا ۔عدالت سامان واپس کرنے کا حکم دے۔درخواست گزار کے مطابق رجب بٹ کا ایک بیٹا کیوان ہے جس کے اخراجات بھی ادا نہیں کیے گئے۔ رجب بٹ کی ماہانہ آمدن کروڑوں روپے ہے لہٰذاعدالت بچے اور اہلیہ کے لیے ماہانہ خرچہ مقرر کرنے کا حکم دے۔ دعوے میں بیٹے کے لیے ماہانہ 5لاکھ روپے اور اپنے لیے 2لاکھ روپے خرچہ مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔