محمد احمد کے ساتھ بدسلوکی کی ویڈیو سامنے آنے پر متعلقہ اداکار نے معافی مانگ لی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) سینئر اداکار اور مصنف سید محمد احمد کی جانب سے ایک پوڈکاسٹ میں شوٹنگ کے دوران ایک جونیئر اداکار کے نامناسب رویے سے متعلق کیے گئے انکشافات کے بعد شوبز انڈس

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2026ء) سینئر اداکار اور مصنف سید محمد احمد کی جانب سے ایک پوڈکاسٹ میں شوٹنگ کے دوران ایک جونیئر اداکار کے نامناسب رویے سے متعلق کیے گئے انکشافات کے بعد شوبز انڈسٹری میں جاری تنازع میں نئی پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ مبینہ طور پر اس واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد متعلقہ اداکار کا نام بھی سامنے آ گیا۔ چند روز قبل سید محمد احمد نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ایک نسبتاً کم عمر اداکار نے دو مختلف ڈراموں کی شوٹنگ کے دوران ان کے گنجے پن، قد اور رنگت پر بار بار طنزیہ جملے کسے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ اس رویے پر ردعمل دے سکتے تھے، تاہم پروڈیوسرز، ہدایت کار اور پوری ٹیم کے احترام میں انہوں نے خاموش رہنے کو ترجیح دی تاکہ شوٹنگ کا ماحول متاثر نہ ہو۔ محمد احمد کے انکشاف کے بعد شوبز شخصیات نے ان کی حمایت کی۔ اداکار شمعون عباسی سمیت کئی فنکاروں نے ذمہ دار اداکار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، جبکہ بعض نے عندیہ دیا کہ اگر معافی نہ مانگی گئی تو اس کا نام بھی سامنے لایا جائے گا۔بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ محمد احمد کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرنے والے اداکار فہد شیخ ہیں، جنہوں نے 2020سے 2022کے دوران سینئر اداکار کے ساتھ مختلف ڈراموں میں کام کیا تھا۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر نئی بحث چھڑ گئی اور فہد شیخ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔اداکارہ اور میزبان مشی خان نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں فہد شیخ کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے انتہائی غیر مناسب اور نچلے درجے کا مزاح قرار دیا۔تنقید میں اضافے کے بعد فہد شیخ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو شوٹنگ کے دوران ہونے والے مذاق کا حصہ تھی، کیونکہ سیٹ پر فنکار عموماً ایک خاندان کی طرح کام کرتے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ اگر ان کے کسی عمل سے سید محمد احمد کی دل آزاری ہوئی تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔ فہد شیخ کے مطابق وہ سید محمد احمد سے ذاتی طور پر معافی مانگ چکے ہیں اور اگر سینئر اداکار مناسب سمجھیں تو وہ عوامی سطح پر بھی دوبارہ معافی مانگنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کبھی بھی کسی کی دل آزاری کی نیت نہیں تھی۔دوسری جانب سید محمد احمد کی جانب سے فہد شیخ کی معذرت پر تاحال کوئی نیا عوامی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم شوبز حلقوں میں امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ تنازع باہمی احترام اور مصالحت کے ذریعے خوش اسلوبی سے ختم ہو جائے گا۔



