لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2026ء) معروف پاکستانی فلمی اداکارہ میرا کو کینیڈین امیگریشن حکام نے نیاترا بارڈر پر روک کر کئی گھنٹے تک تفتیش کے بعد واپس امریکا بھیج دیا ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ نیویارک سے ایک شو میں شرکت کے لیے کینیڈا جا رہی تھیں جب انہیں حراست میں لیا گیا۔اس سے قبل میرا نے کیلگری کا دورہ بھی کیا تھا جہاں انہوں نے اپنی فلم سائیکو کی پرموشن کی اور اسٹیج پر پرفارمنس بھی دی۔ کینیڈین حکام کی جانب سے اس تازہ ترین امیگریشن اقدام کی کوئی قطعی وجہ تاحال سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اداکارہ میرا کا کہنا تھا کہ انہیں خود معلوم نہیں کہ انہیں کینیڈا سے کیوں ڈی پورٹ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ حقائق جاننے کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ کینیڈین امیگریشن حکام نے ملک بدر کرنے سے قبل ان سے صرف بنیادی نوعیت کے سوالات کیے ۔میرا کا مزید کہنا تھا کہ مجھے شبہ ہے کہ شاید کسی نے میرے خلاف کوئی بدنیتی پر مبنی شکایت درج کروائی ہو۔