^نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اکتوبر2026ء) ہالی وڈ اداکار اینڈریو گارفیلڈ نے کہا ہے کہ اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین کا کردار ادا کرنے کے لیے انہیں تجسس اور خوف نے متاثر کیا، کیونکہ وہ ان شخصیات کو سمجھنا چاہتے تھے جو دنیا کو مصنوعی ذہانت کے نئے دور میں لے جا رہی ہیں۔ہدایت کار لوکا گواڈانینو کی فلم ’آرٹیفیشل‘ کا پریمیئر اتوار کو لندن فلم فیسٹیول میں ہوا، فلم میں چیٹ جی پی ٹی کی خالق کمپنی اوپن اے آئی کے قیام، ترقی اور 2023 میں سیم آلٹمین کو عہدے سے ہٹائے جانے اور پھر دوبارہ بحال کیے جانے کے واقعات پیش کیے گئے ہیں۔ کہانی تقریباً 2 دہائیوں پر محیط ہے۔گارفیلڈ نے کہا کہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان میں حوصلے، تخیل اور مشکلات برداشت کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے، کیونکہ انہیں شدید تنقید اور مسلسل نگرانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا ہے یہ جاننا ضروری ہے کہ طاقت کن کے ہاتھ میں ہے اور کون دنیا کی نئی تشکیل میں کردار ادا کر رہا ہے۔فلم دی سوشل نیٹ ورک میں بھی کام کرنے والے گارفیلڈ نے کردار کی تیاری کے لیے آلٹمین سے ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ آلٹمین کو ذاتی طور پر نہیں جانتے اور فلم کو ان کی حقیقی شخصیت کے بجائے ان واقعات کی تخلیقی عکاسی سمجھتے ہیں جن میں ان کا کردار رہا ہے۔اوپن اے آئی نے خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔ تاہم، آلٹمین نے جریدے وینٹی فیئرکو بتایا تھا کہ انہیں فلم میں اپنی زندگی کی درست عکاسی کی توقع نہیں۔ایمی ایوارڈ یافتہ مصنف سائمن رچ کے تحریر کردہ اسکرین پلے پر مبنی فلم میں روسی اداکار یورا بوریسوف نے اوپن اے آئی کے شریک بانی اور سابق چیف سائنٹسٹ الیا سوتسکیور کا کردار ادا کیا ہے۔