لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2026ء) پاکستان کے ممتاز ادبی و ثقافتی ادارے الحمرا کا سمر کیمپ اپنی کامیاب پیش رفت کے ساتھ اس مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں ابتدائی تربیت مکمل کرنے والے طلبہ اب تخلیقی دریافت، انفرادی اظہار اور فنی شناخت کی سمت پیش قدمی کر رہے ہیں۔ پینٹنگ، ڈرائنگ اور خطاطی کی کلاسوں میں نوجوان اب تکنیک کے ساتھ ساتھ اپنے خیالات کو فن کی زبان میں ڈھالنے، مشاہدے کو بصری اظہار میں تبدیل کرنے اور اپنی منفرد تخلیقی پہچان تشکیل دینے کی مشق کر رہے ہیں۔ سمر کیمپ کے پہلے مرحلے میں بنیادی اصول، لائن ورک، تناسب، رنگوں کی ہم آہنگی، برش کنٹرول اور خطاطی کے ابتدائی قواعد پر توجہ دی گئی جبکہ موجودہ مرحلے میں شرکا جدید فنی پہلوؤں پر کام کر رہے ہیں۔ اس تربیتی عمل کا مقصد صرف فن سکھانا نہیں بلکہ ایسی شخصیت کی تعمیر ہے جو جمالیاتی شعور، تخلیقی سوچ اور سماجی ذمہ داری کے ساتھ مستقبل کی قیادت کر سکے۔ لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد نواز گوندل نے کہا کہ آج کی دنیا میں قومیں ٹیکنالوجی کے علاوہ تخلیقی ذہانت، ثقافتی اعتماد اور اختراعی فکر سے اپنی شناخت قائم کر رہی ہیں، پاکستانی نوجوان ہر عالمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں،ہمارا یقین ہے کہ آج کا تخلیق کار ہی کل کے پاکستان کی فکری اور ثقافتی قیادت کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الحمرا کا سمر کیمپ ایک موثر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ واضح رہے کہ الحمرا اپنی دیرینہ روایت کے مطابق نوجوانوں میں تخلیقی اعتماد، ثقافتی شعور اور فنی مہارت کو فروغ دیتے ہوئے ایسے مواقع فراہم کر رہا ہے جو انہیں ایک باوقار، باشعور اور ذمہ دار شہری کے طور پر مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار کرتے ہیں۔ سمر کیمپ اسی وژن کی عملی تعبیر ہے، جہاں فن کو مستقبل کی زبان اور نوجوانوں کو اس مستقبل کا معمار بنایا جا رہا ہے۔