ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) بالی ووڈ اداکار تشار کپور نے کہا ہے کہ فلمی خاندان سے تعلق ہونے کے باوجود انڈسٹری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایک انٹرویو میں تشار کپور نے بتایا کہ 1990 کی دہائی میں فلم انڈسٹری میں داخل ہونا میرے لیے ایک بڑا جھٹکا تھا ،میرا تعلق کاروباری پس منظر سے تھا اور میں نے بچپن سے اداکار بننے کی تربیت حاصل نہیں کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ میری دلچسپی تعلیم میں تھی، میں نے بیرونِ ملک تعلیم حاصل کی اور وہاں کام بھی کیا، جب میں فلم انڈسٹری میں آیا تو نئے اداکاروں سے مخصوص انداز، جسمانی ساخت اور رویئے کی توقع کی جاتی تھی، میں ایک شرمیلا شخص تھا، اس لئے یہ سب میرے لئے بہت مشکل تھا۔اداکار کے مطابق 90 کی دہائی میں اداکاروں کے لیے فائٹ اور ڈانس کی تربیت لینا ضروری سمجھا جاتا تھا، میں اس ماحول میں خود کو بہت الجھا ہوا محسوس کرتا تھا اور فلم کی شوٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی اسے چھوڑنے کا سوچنے لگا تھا۔تشار کپور نے کہا کہ معروف اداکار جیتندر کا بیٹا ہونے کی وجہ سے میڈیا کی بھی مجھ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ تھیں جس کیلئے میں نے بہت محنت کی۔