فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2026ء) پاکستانی فلم انڈسٹری کے نامور گلو کار مسعود رانا کی برسی 4اکتوبر کو منائی جائے گی۔ مسعود رانا 9جون 1938کو میر پور خاص سندھ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1955میں کیا جبکہ فلم انقلاب کےلئے ان کا پہلا گانا 1962 میں ریکارڈ کیا گیا۔انہیں پاکستانی رفیع ہونے کا اعزاز بھی دیا گیا۔ مسعود رانانے یوں تو سینکڑوں انتہائی خوبصورت اور سدا بہار نغمے گائے لیکن ان کے مقبول اردو گانوں میں فلم ’’آئینہ‘‘ کا گانا تم ہی ہو محبوب میرے ، فلم ہمراہی کا گانا کرم کی اک نظر ہم پر خدارا یا رسول اللہ، فلم بدنام کا گانا کوئی ساتھ دے کہ نہ ساتھ دے ، یہ سفر اکیلے ہی کاٹ لے اور دیگر شامل ہیں۔ اسی طرح وہ پنجابی گانے تانگے والا خیر منگدا، سجناں نے بوہے اگے چک تان لئی، یاراں نال بہاراں سجناں اور دیگر گا کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔ مسعود رانا 4اکتوبر 1995 کو عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔