کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2026ء) معروف کامیڈین نسیم وکی نے کہا ہے کہ ایک کامیڈین کو کامیڈی ہی کرنی چاہئے، وہ کسی ایک کردار میں مکمل اداکار نہیں بن سکتا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نسیم وکی نے تھیٹر، فلم اور ٹیلی وژن کی اداکاری کے درمیان فرق پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر میڈیم کا اپنا الگ فریم ہوتا ہے جس کے مطابق اداکار کے چہرے کے تاثرات، اندازِ اداکاری اور پرفارمنس میں فرق آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کامیڈی میں مزاح کے ساتھ رومانس اور ایکشن کے عناصر بھی شامل ہوتے ہیں، تاہم ایک کامیڈین کسی ایک کردار میں مکمل اداکار نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ فلمی اداکار عموما ایکشن مناظر بھی انجام دیتے ہیں، جبکہ تھیٹر کے فنکاروں کو زیادہ بلند آواز اور نمایاں تاثرات کے ساتھ پرفارم کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھیٹر میں اداکاری کیلئے آواز کا بھرپور استعمال ضروری ہوتا ہے، جبکہ ٹیلی وژن پر اداکاری نسبتاً نرم، متوازن اور کنٹرول انداز میں کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر میڈیم کی اپنی الگ تکنیک اور تقاضے ہوتے ہیں، اسی لئے فنکار کو اس کے مطابق اپنی اداکاری میں تبدیلی لانا پڑتی ہے۔