لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) اداکارہ مومنہ اقبال نے ہراسانی مقدمے کو ذاتی معاملہ قرار دینے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ۔پنجاب اسمبلی کے باہر وائرل ویڈیو پر مومنہ اقبال نے اپنی انسٹاسٹوری پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی سال کی ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کو ذاتی معاملہ قرار دینا حیران کن ہے، آج بھی مجھے تعجب ہوتا ہے کہ ابتدا سے ہی اس کیس کو ذاتی مسئلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اداکارہ نے کہاکہ میں نے ریاستی اداروں سے ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے خلاف تحفظ اور انصاف طلب کیا، اس لئے ایسے سنگین الزامات کو نجی معاملہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اگر ایسے مقدمات کو ذاتی معاملہ مان لیا جائے تو پھر گھریلو تشدد، رشتے داروں کے ہاتھوں قتل اور دیگر سنگین جرائم کو بھی نجی معاملات قرار دینا پڑے گا، جو کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ مسلسل کوشش کی گئی کہ میرا مقدمہ میڈیا کی توجہ سے دور رکھا جائے اور میری آواز دبائی جائے، تاہم میری خاموشی کو کمزوری یا دبا کا نتیجہ نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ میں نے صرف اس لیے صبر سے کام لیا کیونکہ مجھے عدالتی کارروائی، قانون کی حکمرانی اور میرٹ پر ہونے والے فیصلوں پر مکمل اعتماد ہے۔اداکارہ نے سوشل میڈیا پر زیر گردش صلح کی خبروں کی بھی ایک بار پھر تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں دوبارہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ کسی قسم کی مفاہمت نہیں ہوئی، مقدمہ اب بھی عدالت میں زیرِ سماعت ہے، جبکہ دوسری جانب سے ہر پیشی پر التوا کی درخواست کی جا رہی ہے۔