دبئی میں مشترکہ رہائش کا نیا قانون نافذ، خلاف ورزی پر 10 لاکھ درہم تک جرمانہ
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اگست 2026ء) دبئی حکومت نے غیر قانونی اور غیر منظم رہائش گاہوں کی روک تھام اور شیئرڈ ہاؤسنگ یعنی مشترکہ رہائش کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے ایک نیا جامع قانون لاگو کر دیا، جس کے تحت اج

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اگست 2026ء) دبئی حکومت نے غیر قانونی اور غیر منظم رہائش گاہوں کی روک تھام اور شیئرڈ ہاؤسنگ یعنی مشترکہ رہائش کے نظام کو شفاف بنانے کے لیے ایک نیا جامع قانون لاگو کر دیا، جس کے تحت اجازت نامے کے بغیر شیئرڈ ہاؤسنگ کی سہولت فراہم کرنے یا قواعد کی بار بار خلاف ورزی پر 10 لاکھ درہم (تقریباً 8 کروڑ روپے) تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم اور امیرِ دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی جانب سے جاری کردہ قانون نمبر 4 برائے 2026ء کا باقاعدہ نفاذ کر دیا گیا ہے، یہ قانون دبئی کے تمام رہائشی علاقوں، خصوصی ڈیوپلمنٹ زونز اور فری زونز پر لاگو ہوگا، تاہم مزدوروں کی باقاعدہ لیبر کالونیوں کو اس قانون سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نئے قانون کے تحت اب کسی بھی فرد یا کمپنی کو پراپرٹی کی منظوری اور پرمٹ کے بغیر شیئرڈ ہاؤسنگ کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، صرف پراپرٹی مالکان اور رجسٹرڈ لائسنس یافتہ ادارے ہی منظور شدہ یونٹس کو آگے کرائے پر دے سکتے ہیں، رہائشیوں یا کرائے داروں کو پراپرٹی کا کوئی حصہ یا کمرا آگے کرائے پر دینے کی سخت ممانعت ہوگی۔ معلوم ہوا ہے کہ قانون کے تحت اپارٹمنٹس، آزاد مکانات، رہائشی کمپلیکس، مکسڈ یوز بلڈنگز، ٹاؤن ہاؤسز اور ملٹی اسٹوری بلڈنگز کو شیئرڈ ہاؤسنگ کا پرمٹ مل سکتا ہے، مشترکہ رہائش کے لیے خاندانوں، خواتین، مردوں، طالب علموں، سرکاری ملازمین اور پرائیویٹ کمپنیوں کے ورکرز کو الگ الگ منظور شدہ طریقہ کار کے تحت رہنے کی اجازت ہوگی، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف حکومت سخت قانونی چارہ جوئی کرے گی۔ بتایا جارہا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ 500 درہم سے 5 لاکھ درہم تک ہوگا، جبکہ ایک سال کے اندر دوبارہ خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ دگنا یعنی 10 لاکھ درہم تک ہو سکتا ہے، غیر قانونی رہائش گاہوں کی بجلی اور پانی کے کنکشن کاٹے جا سکتے ہیں اور ان کے کرائے نامے منسوخ کردیئے جائیں گے، خلاف ورزی کے مرتکب آپریٹرز کا پرمٹ اور ٹریڈ لائسنس 6 ماہ کے لیے معطل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔ مزید یہ کہ جج کے حکم کے بعد غیر قانونی پراپرٹی کو خالی کروایا جا سکے گا، تاہم پرمٹ کی منسوخی کے بعد رہائشیوں کو فوری سڑک پر نہیں نکالا جائے گا بلکہ متبادل جگہ کی تلاش کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے گا، حکومت نے دبئی میں پہلے سے شیئرڈ ہاؤسنگ کا کاروبار کرنے والے پراپرٹی مالکان اور کمپنیوں کو نئے قواعد پر عملدرآمد کے لیے 26 اگست 2026ء سے ایک سال کی مہلت دی ہے، جسے ڈائریکٹر جنرل بلدیہ دبئی کی منظوری سے مزید ایک بار بڑھایا جا سکے گا۔



