امریکی ایئر لائن کی 50 سالہ فلائٹ اٹینڈنٹ جینی لوپٹن ہوائی کے ایک فور اسٹار ہوٹل کی 24ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق جینی لوپٹن کی لاش جمعرات کی صبح ہوٹل کے ایک ملازم نے کچرے کے ڈبے کے قریب سے برآمد کی۔ وہ اوکلا ہوما سے تعلق رکھتی تھی اور گزشتہ 23 برس سے ایئر لائن میں فلائٹ اٹینڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھی۔
جینی لوپٹن ہوائی کے شہر وائی کیکی میں واقع ریزورٹ میں قیام پذیر تھی۔ طبی حکام کے ابتدائی جائزے کے مطابق ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وہ ہوٹل کی 24ویں منزل پر واقع اپنے کمرے کی بالکونی سے نیچے گری، تاہم اہلخانہ نے واقعے کو خودکشی قرار دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔