دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2026ء) دبئی کی ترقی، تبدیلی اور عروج کی نصف صدی پر محیط داستان کی گواہ، شیخ زاید روڈ پر واقع تاریخی ’ٹویوٹا بلڈنگ‘ کا سفر بالاخر اپنے اختتام کو پہنچ رہا ہے، عمارت کا انتظام سنبھالنے والے ادارے ناصر راشد لوطاہ رئیل اسٹیٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ دبئی کی اس سب سے معروف اور نوستالجک عمارت کو 2027ء میں مکمل طور پر مسمار کر دیا جائے گا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے اس تاریخی عمارت کو گرانے کی حتمی خبر سامنے آئی ہے، فی الوقت عمارت کی 70 فیصد سے زائد رہائشگاہوں کو خالی کرایا جا چکا ہے، کارروائی کا بنیادی سبب ایک ہی اپارٹمنٹ کے اندر حد سے زیادہ ہجوم اور غیر قانونی تقسیم بتایا گیا ہے، جو دبئی میونسپلٹی کے حفاظتی قوانین اور فائر سیفٹی کے لیے سنگین خطرہ تھے، مکینوں کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر پارٹیشنز والے کمروں کو خالی کروایا گیا، تاہم اب تمام معاہدے مرحلہ وار ختم کیے جا رہے ہیں اور موجودہ قانونی کرایہ داروں کو دسمبر 2026ء تک قیام کی مہلت دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 1974ء میں متحدہ عرب امارات کے قیام کے محض تین سال بعد تعمیر ہونے والی یہ 15 منزلہ اور 65 میٹر بلند عمارت ناصر راشد لوطاہ بلڈنگ دبئی کی ابتدائی رہائشی عمارتوں میں سے ایک ہے، 1981ء میں اس کی چھت پر ٹویوٹا کا بڑا سرخ اشتہاری بورڈ نصب کیا گیا، جس کے بعد یہ عمارت اپنے اصل نام کے بجائے پورے امارات میں ’ٹویوٹا بلڈنگ‘ کے نام سے مشہور ہوگئی۔ معلوم ہوا ہے کہ چار دہائیوں تک دبئی آنے والے تارکینِ وطن، محنت کشوں اور سیاحوں کے لیے یہ عمارت راستوں کی پہچان اور ایک گھریلو احساس کی علامت بنی رہی، اگرچہ 2018ء میں معاہدا ختم ہونے پر یہ سائن بورڈ ہٹا دیا گیا تھا، لیکن عوامی جذبات اور نوستالجیا کے شدید دباؤ پر جون 2022ء میں اسے دوبارہ نصب کرنا پڑا، اب جب یہ عمارت مسمار ہونے جا رہی ہے، تو یہ صرف کنکریٹ کا اک ڈھانچہ نہیں گر رہا بلکہ اس کے ساتھ ہزاروں ان تارکینِ وطن کی یادیں اور وہ خواب بھی جڑے ہیں جنہوں نے دبئی میں اپنی زندگی کا پہلا قدم اسی عمارت کے سائے تلے رکھا تھا۔