دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اگست 2026ء) دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے یو اے ای فوڈ بینک اور معروف ڈیلیوری کمپنی ڈلیوریو کے ساتھ مل کر امارت کے مختلف اہم علاقوں میں قائم میٹرو اور بس اسٹیشنز کی عارضی آرام گاہوں پر ڈیلیوری رائڈرز میں مفت کھانا تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق اس مشترکہ فلاحی اقدام کا مقصد معاشرے کی خدمت اور دبئی کی معاشی و ڈیلیوری کی صنعت میں اہم کردار ادا کرنے والے رائڈرز کی خدمات کا اعتراف کرنا ہے، آر ٹی اے کے لائسنسنگ ایجنسی کے سی ای او احمد محبوب نے بتایا کہ یہ اقدام گرمیوں کے موسم میں ڈیلیوری رائڈرز کی صحت اور بہبود کو یقینی بنانے کی قومی کاوشوں کا حصہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ پروگرام وزارتِ انسانی وسائل و ایمریٹائزیشن کی ہدایات کے تحت جاری ’مڈ ڈے بریک‘ پالیسی کی بھی حمایت کرتا ہے، جس کے تحت 15 جون سے 15 ستمبر کے دوران دوپہر 12:30 بجے سے 3:00 بجے تک کھلی دھوپ میں کام کرنے پر پابندی ہوتی ہے، کھانے کی یہ روزانہ تقسیم رائیڈرز کی آمدورفت کے حساب سے منتخب کردہ 23 مختلف بس اور میٹرو اسٹیشنز پر کی گئی، جن میں گولڈ سوق، السطوہ، الجافلیہ، القصیس اور الکرامہ کے بس اسٹیشنز جبکہ راشدیہ، الفرجان، ڈی ایم سی سی، برجُمان، ابن بطوطہ اور e& میٹرو اسٹیشنز شامل ہیں۔ یو اے ای فوڈ بینک کی ایگزیکٹو ٹیم کی سربراہ منال عبید بن یاروف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلیوری ورکرز ملک کے معاشی اور سماجی ڈھانچے کا انتہائی اہم حصہ ہیں، یہ اقدام فوڈ بینک کے انسانیت سوز مشن، خوراک کی بچت، اور اماراتی معاشرے میں ایثار اور سماجی ذمہ داری کی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔