ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست2026ء) سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (GACA/گاکا) نے ایک نیا سرکلر جاری کرتے ہوئے مملکت کے تمام ہوائی اڈوں پر کام کرنے والی تمام کمرشل اور پرائیویٹ ایئر لائنز کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ پرواز سے قبل مسافروں کے تمام درکار سفری دستاویزات کی تصدیق ہر صورت یقینی بنائیں۔

خلیجی میڈیا کے مطابق سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ سرکلر میں ایئر لائنز پر لازم قرار دیا گیا ہے کہ وہ مسافروں کی سعودی عرب آمد، یہاں سے روانگی، حتمی منزل یا ٹرانزٹ کے ممالک سے متعلق جدید ترین سفری شرائط و ضوابط کی مکمل چھان بین کریں، ایئرلائنز ان قواعد و ضوابط کی معلومات صرف متعلقہ حکومتی اور بااختیار سرکاری ذرائع یا منظور شدہ انتظامی قواعد سے ہی حاصل کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکلر میں تمام ائیر کیریئرز کو بورڈنگ پوائنٹس پر خصوصی اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بورڈنگ کارڈ حاصل کرنے والے ہر مسافر کے پاس اس ملک کی درکار تمام قانونی و سفری دستاویزات موجود ہیں جہاں اس نے جانا ہے یا جہاں سے اس کا ٹرانزٹ سفر ہوگا۔