ریاض میں بھیک مانگنے والا پاکستانی شہری گرفتار
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر 2026ء) سعودی حکام نے ریاض شہر میں ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیاہے،جس پر بھیک مانگنے کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق ریاض کے علاقے میں سیکیورٹی گشت پر مامور اہلکاروں

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر 2026ء) سعودی حکام نے ریاض شہر میں ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیاہے،جس پر بھیک مانگنے کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق ریاض کے علاقے میں سیکیورٹی گشت پر مامور اہلکاروں نے بھیک مانگنے میں ملوث ایک پاکستانی شہری کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ سعودی ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکیورٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے عطیات سرکاری اور مجاز پلیٹ فارمز کے ذریعے ہی دیں، تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ امداد ان لوگوں تک پہنچے جو واقعی اس کے حقدار ہیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی وزارت داخلہ کی جانب سےبھیک مانگنے کے عمل کو اس کی تمام تر اشکال اور صورتوں میں ختم کرنے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ واضح رہے کہ سعودی حکام نے کل جدہ میں مقیم پانچ غیرملکی افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا،جو غیرقانونی ماہی گیری میں ملوث تھے ۔ سعودی میڈیا کے مطابق جدہ میں موجود بارڈر فورسز کے ساحلی گشتی دستوں نے پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے، جنہوں نے مملکت میں سمندری سرگرمیوں سے متعلق حفاظتی اور سکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی کی تھی۔ حکام کے مطابق ملزمان بغیر اجازت نامے کے ماہی گیری میں ملوث پائے گئے،جن کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آبی حیات کے تحفظ سے متعلق ضوابط اور ہدایات کی پاسداری کریں اور ماحول یا جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی واقعے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔حکام نے یقین دلایا کہ تمام اطلاعات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا، اور معلومات فراہم کرنے والوں کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جائے گی۔



