کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر 2026ء) کویتی حکام نے ایرانی ڈروں حملے میں پاکستانی شہری کی زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔ کویتی اخبار الأنباء کے مطابق وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی جانب سے ایک جارحانہ کارروائی کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔ کویتی وزارت دفاع کے سرکاری ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العطوان نے بتایا کہ آج مسلح افواج نے کویتی فضائی حدود میں کئی مخالف ڈرونز کی نشاندہی کی اور ان کے خلاف کارروائی کی۔ العطوان نے وضاحت کی کہ ایران کی جارحیت نے ایک اہم مقام کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ملبہ گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں ایک کویتی شہری، دو اطالوی شہری اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ضروری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور اس واقعے میں املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ کویتی مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو انتہائی مستعدی کے ساتھ انجام دیتی رہیں گی اور ہر وقت مکمل طور پر چوکس اور تیار رہیں گی۔کویتی حکام نے مزید زور دیا کہ ملک کی خودمختاری کے تحفظ اور اس کی سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ شہریوں اور یہاں مقیم افراد سب کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔