منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 نومبر 2026ء) بحرینی عدالت نے ایک ایشائی باشندے کو دس سال قید کی سزا سنادی ،جو منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھا۔ بحرینی میڈیا کے مطابق ملکی کی اعلی عدالت نے ایک ایشیائی باشندے کو سنائی گئی 10 سال قید کی سزا، 5,000 بحرینی دینار جرمانہ، اور سزا مکمل ہونے کے بعد بحرین سے مستقل طور پر ملک بدر کرنے کے حکم کو برقرار رکھا ہے۔ ملزم کو منشیات ممنوعہ اشیاء فروخت کرنے اور ان کا استعمال کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔ پبلک پراسیکیوشن نے ملزم پر بحرین کی حدود میں، قانون کی جانب سے غیر مجاز حالات کے تحت، منشیات اور ممنوعہ ادویات رکھنے اور فروخت کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ پبلک پراسیکیوشن کی تحقیقات کے دوران ملزم نے منشیات کی اسمگلنگ اور ان کے استعمال کا اعتراف کیا۔ ملزم نے تسلیم کیا کہ اس کے قبضے سے برآمد ہونے والی منشیات ممنوعہ ادویات اسی کی تھیں، اور یہ کہ اس نے انہیں بیرون ملک مقیم ایک نامعلوم شخص سے حاصل کیا تھا۔ مذکورہ شخص کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، وہ ان اشیاء کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کر کے مختلف مقامات پر رکھ دیتا تھا ۔ملزم نے مزید بتایا کہ دوسرا ملزم اس کام میں اس کا معاون تھا؛ وہ اسے منشیات لینے اور انہیں مختلف مقامات پر پہنچانے کے لیے لے جاتا تھا، اور وہ ان سرگرمیوں کی نوعیت سے بخوبی آگاہ تھا۔ عدالت نے حکم دیا کہ سزا مکمل ہونے کے بعد دونوں ملزمان کو مملکت بحرین سے مستقل طور پر ملک بدر کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ بحرینی عدالت نےروان ہفتے ایک افغانی کو ایران کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنادی تھی۔ بحرینی اخبار أخبار الخلیج کے مطابق فوجداری عدالت نے عمر قید کی سزا پانے والے ایک ملزم کی جانب سے دائر کردہ اپیل کو مسترد کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ مذکورہ ملزم کو مملکت بحرین کے خلاف دہشت گردانہ اور معاندانہ کارروائیاں کرنے اور اس کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی غرض سے ایرانی پاسداران انقلاب کے ساتھ ملی بھگت کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔