کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 نومبر 2026ء) کویتی حکام نے پانچ غیرملکی شہریوں کوگرفتار کرلیاہے،جن پر ممنوعہ ادویات فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ کویتی اخبار الأنباء کے مطابق کریمنل سیکورٹی سیکٹر نے غیر قانونی ادویات اور منشیات کی فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے، چار الگ الگ مقدمات میں پانچ غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے۔ حکام کے مطابق ایک شخص محبولہ کے علاقے میں اسقاط حمل کی ممنوعہ گولیاں تقسیم کرتے ہوئے پکڑا گیا، جبکہ چار دیگر کو منشیات اور سائیکو ٹراپک مادوں کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ کویتی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، الاحمدی گورنری میں خفیہ اداروں کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے نتیجے میں ایک غیرملکی شہری کو گرفتار کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے گولیوں کی پانچ پٹیاں برآمد ہوئیں۔ملزمان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ گولیوں کی انفرادی پٹیاں 150 دینار فی پٹی کے حساب سے فروخت کرتےتھے۔ ایک ملزم نے بتایا کہ اسے بیرون ملک مقیم ایک شخص کی جانب سے ہدایات ملتی تھیں، جو گولیوں کی تقسیم کی تیاری کے سلسلے میں ان کی وصولی اور ترسیل کے مقامات کا تعین کرتا تھا۔ ایک اور واقعے میں جنرل ایڈمنسٹریشن فار ڈرگ کنٹرول کے افسران نے تین الگ الگ مقدمات میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔ یہ کارروائی اس اطلاع ملنے کے بعد کی گئی کہ ان افراد کے پاس ایسی منشیات اور ممنوعہ ادویات موجود ہیں جو اسمگلنگ اور ذاتی استعمال کے لیے رکھی گئی تھیں۔ حکام نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ منشیات میں ملوث افراد کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں ،تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی عمل میں لائی جاسکے۔