کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ قوانین اور نگرانی کا نظام نہ ہونا دنیا کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مارک کارنی نے چین کے شہر شینزن میں ایشیاء پیسیفک اکنامک کوآپریشن اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے حوالے سے عالمی نگرانی کا فقدان ایک بہت بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خطرہ صرف معاشی نقصان تک محدود نہیں بلکہ اس میں حیاتیاتی ہتھیاروں کے ممکنہ استعمال، جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے اور انسانی وقار متاثر ہونے جیسے خدشات بھی شامل ہیں۔