دبئی پولیس نے جعلی جاب آفرز سے متعلق وارننگ جاری کردی
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست 2026ء) دبئی پولیس نے شہریوں اور ملازمت کے خواہشمند غیرملکی افراد کو جعلی پارٹ ٹائم ملازمتوں کے نام پر ہونے والے فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھوکے باز سوشل میڈیا پر پرکشش

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اگست 2026ء) دبئی پولیس نے شہریوں اور ملازمت کے خواہشمند غیرملکی افراد کو جعلی پارٹ ٹائم ملازمتوں کے نام پر ہونے والے فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھوکے باز سوشل میڈیا پر پرکشش نوکریوں کے اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو اپنے جال میں پھنساتے ہیں اور بعد ازاں ان کے بینک اکاؤنٹس کو غیر قانونی مالی لین دین کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ دبئی پولیس کے مطابق فراڈی افراد متاثرہ شہریوں کو اپنے نام پر نیا بینک اکاؤنٹ کھلوانے یا موجودہ اکاؤنٹ استعمال کرنے کا کہتے ہیں، جس کے بعد ان اکاؤنٹس میں مختلف رقوم منتقل کی جاتی ہیں اور متاثرہ شخص کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ یہ رقم فوری طور پر کسی دوسرے اکاؤنٹ میں بھیج دے، اس عمل کے بدلے اسے کمیشن دینے کا لالچ دیا جاتا ہے، درحقیقت یہ رقم جرائم کے ذریعے حاصل کی گئی ہوتی ہے۔ پولیس نے اس حوالے سے ایک نوجوان کا واقعہ بھی بیان کیا، جس نے سوشل میڈیا پر گھر بیٹھے پارٹ ٹائم ملازمت کا اشتہار دیکھا اور بہتر آمدنی کی امید میں درخواست دے دی، بعد ازاں اسے اطلاع دی گئی کہ ابتدائی طور پر اس کا انتخاب ہو گیا ہے، مبینہ کمپنی نے خود کو بیرونی مالیاتی خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ظاہر کرتے ہوئے نوجوان سے کہا کہ وہ انتظامی مقاصد کے لیے اپنے نام پر بینک اکاؤنٹ کھولے یا موجودہ اکاؤنٹ استعمال کرے۔ #News | Gang Lures Young Man with Tempting Job Offer and Exploits His Bank Account in Fraud OperationsDetails:https://t.co/JhhC2ND2GF#BewareOfFraud #CyberSecurity pic.twitter.com/OkuCRgczJj— Dubai Policeشرطة دبي (@DubaiPoliceHQ) August 5, 2026 بتایا گیا ہے کہ اس کے بعد اس کے اکاؤنٹ میں مختلف رقوم آنا شروع ہوگئیں اور اسے ہدایت کی گئی کہ وہ یہ رقم فوری طور پر دوسرے اکاؤنٹس میں منتقل کرے، ہر ٹرانزیکشن کے بدلے اسے کمیشن دیا جاتا رہا اور مستقل ملازمت کا وعدہ بھی کیا جاتا رہا، بعد ازاں بینک ٹرانزیکشنز کی جانچ کے دوران دبئی پولیس نے نوجوان کو طلب کیا جہاں اس نے بتایا کہ اسے علم ہی نہیں تھا کہ وہ کسی جرائم پیشہ گروہ کے لیے کام کر رہا ہے بلکہ وہ اسے ایک قانونی ملازمت سمجھ کر صرف دی گئی ہدایات پر عمل کر رہا تھا۔



