منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر 2026ء) بحرینی حکام نے ایک ایشیائی خاتون کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا ہے ،جس پر سرخ بتی کی خلاف ورزی کرکے موٹر سائیکل سوار کو کچلنے کا الزام ہے۔ بحرینی اخبار أخبار الخلیج کے مطابق کریمنل کورٹ نے ایک ایشیائی خاتون کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع کر دی ہے، جس پر الزام ہے کہ اس نے سرخ بتی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غفلت کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل سوار ہلاک ہو گیا۔ حکام کے مطابق ملزمہ کو آج عدالت میں پیش کیا گیا اور جس کا کہنا تھا کہ انہوں نے گاڑی اس لیے نہیں روکی کیونکہ ان کے پیچھے موجود ڈرائیور ہارن بجا کر انہیں چوراہا عبور کرنے پر مجبور کر رہے تھے۔ ملزمہ کے وکیل صفائی نے کیس کی فائلوں کا جائزہ لینے اور باضابطہ موقف تیار کرنے کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ سرکاری استغاثہ نے 52 سالہ ایشیائی ملزمہ پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے 8 اکتوبر 2026 کو اپنی غفلت کے باعث ایک شخص کی موت کا سبب بننے کا ارتکاب کیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ملزمہ نے سرخ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی اور گاڑی چلاتے وقت ضروری احتیاط اور توجہ سے کام نہیں لیا، جس کے نتیجے میں متاثرہ شخص کو ایسی چوٹیں آئیں جو بالآخر اس کی موت کا باعث بنیں۔ واضح رہے کہ بحرینی حکام نے روان ہفتے تین ایشیائی باشندوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا،جو منشیات فروخت کرنے میں ملوث تھے۔ بحرینی میڈیا کے کے مطابق وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ فارنسک سائنس کے ماتحت اینٹی نارکوٹکس ڈائریکٹوریٹ نے دو الگ الگ کارروائیوں میں تین ایشیائی باشندوں کو گرفتار کیا ہے۔ملزمان کے قبضے سے منشیات اور ممنوعہ ادویات برآمد کی گئی ہیں جن کی مالیت 166,000 بحرینی دینار سے زائد ہے۔