پاکستانیوں کیلئے متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزوں کا اجراء دوبارہ شروع
دبئی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2026ء) متحدہ عرب امارات نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجراء دوبارہ شروع کردیا، جس سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری غیر

دبئی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اگست 2026ء) متحدہ عرب امارات نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجراء دوبارہ شروع کردیا، جس سے گزشتہ کئی ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال میں نمایاں کمی آئی ہے، اس پیشرفت کی تصدیق سفری صنعت سے وابستہ نمائندوں اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے کے ایک اہلکار نے کی ہے۔ عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات تقریباً 18 لاکھ پاکستانیوں کا دوسرا گھر سمجھا جاتا ہے اور یہ پاکستان کے لیے ترسیلات زر کے سب سے بڑے ذرائع میں بھی شامل ہے، حالیہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کئی ماہ سے پاکستانی درخواست گزار ویزوں کے اجراء میں تاخیر اور سخت جانچ پڑتال کی شکایات کر رہے تھے، اگرچہ اسلام آباد اور ابوظہبی مسلسل اس بات کی تردید کرتے رہے کہ پاکستانی شہریوں پر کسی قسم کی باضابطہ ویزہ پابندی عائد ہے۔ ٹریول انڈسٹری سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ سب سے بڑی سہولت خاندانوں کو ملی ہے کیونکہ جن درخواستوں کو پہلے طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑتا تھا، اب ان پر نسبتاً تیزی سے کارروائی کی جا رہی ہے، اروما ٹریولز کے چیف ایگزیکٹو اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق چیئرمین محمد ندیم شریف نے بتایا کہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارتخانے نے خاندانوں کے ساتھ سفر کرنے والے پاکستانی سیاحوں کو دوبارہ وزٹ ویزے جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں، جو ایک انتہائی مثبت پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی شہری جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ سفر کر رہے ہیں یا متحدہ عرب امارات میں مقیم اپنے رشتہ داروں سے ملنے جا رہے ہیں، ان کی درخواستوں پر بروقت فیصلہ کیا جا رہا ہے، سیاحت کے فروغ کی مہمات بھی دوبارہ شروع ہو چکی ہیں، جبکہ حالیہ علاقائی کشیدگی کے باعث متاثر ہونے والی فضائی آمدورفت بھی بتدریج بحال ہو رہی ہے، امیگریشن حکام کے اعداد و شمار بھی سفری سرگرمیوں میں اضافے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ ایک سینئر پاکستانی امیگریشن افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ رواں موسم گرما کے آغاز میں پاکستان سے روزانہ تقریباً 170 مسافر دبئی جا رہے تھے، تاہم جولائی کے آخری ہفتے تک یہ تعداد بڑھ کر تقریباً 400 یومیہ ہو گئی، تاہم یہ تعداد دو سال قبل روزانہ سفر کرنے والے تقریباً ایک ہزار مسافروں کے مقابلے میں اب بھی کافی کم ہے۔



