ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر 2026ء) سعودی حکام نے شرقیہ ریجن میں تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے،جن پر منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ سعودی میڈیا کے مطابق شرقیہ کے علاقے میں مجاہدین فورسز کی جنرل ایڈمنسٹریشن کے گشت کرنے والوں نوجوانوں نے تین افراد کو منشیات کی تقسیم میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ انہیں مزید ضروری کارروائی کے لیے مجاز اتھارٹی کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یا تقسیم سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اطلاعات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا، اور معلومات فراہم کرنے والوں کو کسی قسم کی قانونی ذمہ داری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ سعودی حکام نے کل قصیم کے علاقے میں ایک مساج سینٹر میں نازیبا حرکات میں ملوث ایک غیرملکی شہری کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق قصیم ریجن کی پولیس نےکمیونٹی سیکیورٹی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے جنرل ایڈمنسٹریشن کے ساتھ مل کر ایک غیر ملکی شہری کو گرفتار کیا ہے،جس پر الزام ہے کہ اس نے آرام اور جسمانی دیکھ بھال سینٹرمیں عوامی اخلاقیات کے منافی حرکات کا ارتکاب کیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ ملزم کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقائی میونسپلٹی کی جانب سے میونسپل ضوابط کے مطابق اس مرکز کے خلاف بھی سزاؤں کے نفاذ کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ سعودی حکام نے کل ریاض شہر میں چار غیرملکی افراد کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا ،جن پر بھیک مانگنے کا الزام ہے ۔