کویت سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر 2026ء) کویتی حکام نے پانچ غیر ملکیوں کو شراب بنانے کے الزام میں گرفتار کرلیاہے ۔ غیرملکیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے گھر کو شراب بنانے کی فیکٹری میں تبدیل کیا ہوا تھا ،جس کے اندر سے کثیر مقدار میں شراب برآمد کرلی گئی ۔ کویتی میڈیا کے مطابق کریمنل سیکیورٹی سیکٹر نے پانچ غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں تین مرد اور دو خواتین شامل ہیں ۔ حکام کےمطابق ملزمان الرحاب کے علاقے میں واقع ایک رہائشی مکان کو مقامی سطح پر شراب تیار کرنے اور اس کی تقسیم کے لیے استعمال کر رہے تھے۔ سیکورٹی فورسز کو  ملزمان کی اطلاع ملتے ہی کاروائی کی گئی۔ حکام نے پانچوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا اور موقع سے شراب سے بھرے تقریبا 300 کنٹینربرآمد کیے، اس کے ساتھ ساتھ شراب کی تیاری میں استعمال ہونے والا مختلف سامان اور آلات بھی قبضے میں لے لیے گئے۔