کویت سٹی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر 2026ء) کویت میں فوجداری عدالت نے ڈیزل اسمگلنگ کیس میں بھارتی شہری کو سات سال قید کی سزا سنادی۔ کویتی میڈیا کے مطابق کریمنل کورٹ نے ایک کویتی شہری اور ایک بھارتی رہائشی کو ملک سے رعایتی نرخوں والے ڈیزل کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر سات سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے چار دیگر بھارتی شہریوں کو ایک ایک ماہ قید کی سزا بھی سنائی، جبکہ کسٹمز کے ایک عہدیدار، وزارت داخلہ کے ایک سارجنٹ، اور مارکیٹنگ مینیجر کے طور پر کام کرنے والے ایک مصری شہری کو بری کر دیا۔ پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان پر کسٹمز ڈیکلریشنز میں جعل سازی کرنے اور رعایتی ڈیزل کی اسمگلنگ کی سازش کرنے کا الزام عائد کیا تھا، جس کا مقصد اس ایندھن کو شپنگ کنٹینرز میں بھر کر بیرون ملک بھیجنا اور وہاں دوبارہ فروخت کرنا تھا۔ کویتی حکام کے مطابق وزارت داخلہ نے اس نیٹ ورک کے پکڑے جانے کا اعلان کیا،جو کہ کریمنل سیکیورٹی سیکٹر اور جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کا ایک مشترکہ آپریشن تھا۔ حکام نے مزید بتایا کہ یہ کاروائی برآمد لیے تیار کیے گئے 10 کنٹینرز کے بارے میں ملنے والی خفیہ اطلاع پر عمل کرتے ہوئے کی گئی۔ اگرچہ کسٹمز دستاویزات میں سامان کو "لوہا" ظاہر کیا گیا تھا، لیکن کنٹینرز سے پیٹرولیم مصنوعات برآمد ہوئیں۔ واضح رہے کہ کویتی حکام نے رواں ہفتے ایک غیرملکی رہائشی کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا،جس پر خود کو ڈاکٹر ظاہر کرکے ہسپتال میں نوکری ڈھونٹنے کا الزام تھا ۔ کویتی میڈیا کے مطابق جہرا ہسپتال میں تعینات سیکیورٹی عملے نے ایک غیر قانونی رہائشی کو النعیم پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا، جس نے نرسنگ عملے سے گفتگو کے دوران خود کو ڈاکٹر ظاہر کیا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے کے بارے میں ایک رپورٹ درج کی گئی، جس کے بعد اہلکار اس جگہ پہنچے جہاں مذکورہ شخص موجود تھا۔ ملزم سے شناخت طلب کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ غیر ملکی رہائشی ہے جو کویت میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر ہے، اور وزارت صحت یا کسی اور طبی ادارے میں ملازم نہیں ہے۔