دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں گاڑی چلانے والوں کیلئے اہم اعلان سامنے آیا ہے، جہاں حکام نے شہر کی 5 بڑی سڑکوں پر رفتار کی مقررہ حد تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی رفتار کی حدود یکم نومبر 2026 سے نافذ ہوں گی، جن کے تحت 3 سڑکوں پر گاڑیاں پہلے سے زیادہ رفتار سے چلائی جاسکیں گی، جبکہ 2 اہم سڑکوں پر رفتار کی حد کم کردی جائے گی۔ حکام کے مطابق تبدیلیاں متعلقہ سڑکوں کے دونوں اطراف نافذ ہوں گی اور نئے قوانین کے مطابق اسپیڈ کیمروں کی سیٹنگز بھی تبدیل کی جائیں گی۔ اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے دبئی پولیس کے تعاون سے بدھ کو نئی رفتار کی حدود کا اعلان کیا۔