دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، گرج چمک اور ژالہ باری نے موسم کا نقشہ بدل دیا ہے۔ دبئی اور شارجہ سمیت متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش کے ساتھ اولے برسنے کے حیران کن مناظر سامنے آئے ہیں، جبکہ بعض صحرائی مقامات پر برف کے سفید دانے بکھرنے سے ریت کا رنگ ہی بدل گیا۔ دوسری جانب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) نے آئندہ چند روز کے دوران دبئی، ابوظہبی، العین اور دیگر علاقوں میں مزید بارشوں، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اماراتی اخبار خلیج ٹائمز کے مطابق منگل 20 اکتوبر کو ملک کے مختلف حصوں میں موسم اچانک تبدیل ہوگیا اور دبئی و شارجہ کے کئی علاقوں میں سیاہ بادل چھا گئے۔