دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے خلیجی عوام پر زور دیا ہے کہ مشترکہ تاریخ، جغرافیے اور خاندانی رشتوں سے قائم تعلقات کو ذرائع ابلاغ یا سوشل میڈیا کے اختلافات کی نذر نہ ہونے دیں۔ انہوں نے قربت، تعاون اور اختلافات کو بہتر انداز میں سنبھالنے کو خطے کی اجتماعی طاقت قرار دیا۔ شیخ محمد بن راشد نے 19 اکتوبر کو ایکس پر اپنی کتاب «الرسائل» میں شامل اہلِ خلیج کے نام پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ ترقی اور اقتصادی مفادات خلیجی معاشروں کو قریب لاتے ہیں، اس لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ان کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کا ذریعہ نہیں بننا چاہیے۔ مشترکہ تاریخ اور ترقی کا سفر اپنے پیغام میں انہوں نے خلیجی خطے کی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں نے سادہ بستیوں سے عالمی شہروں، ماہی گیری کی چھوٹی بندرگاہوں سے بین الاقوامی بحری تجارت اور موتیوں کی تلاش سے دنیا کی بڑی سرمایہ کاریوں تک کا سفر طے کیا ہے۔ ان کے مطابق جدیدیت کے باوجود خطے نے اپنی شناخت اور ثقافت برقرار رکھی۔ انہوں نے اداروں کی تعمیر، براعظموں کو ملانے، بڑے عالمی اجتماعات کی میزبانی اور عالمی معیشتوں کو توانائی فراہم کرنے کا بھی ذکر کیا۔ تاہم ان کے بقول سب سے بڑی کامیابی انسانوں کی تعمیر، وطن سے محبت اور خطے میں آنے، کام کرنے اور ترقی کے سفر میں شریک ہونے والوں کے ساتھ رواداری اور بقائے باہمی کا فروغ ہے۔ حاکم دبئی نے کہا کہ خلیجی عوام کو صرف سیاسی معاہدوں نے نہیں جوڑا، بلکہ ان رشتوں کے پیچھے ساحلوں پر آباد نسلیں، صدیوں کا ہمسائیگی کا تعلق اور مشترکہ خاندانی جڑیں ہیں۔ انہوں نے خلیج کو ایسے درخت سے تشبیہ دی جس کی شاخیں مختلف لیکن جڑ اور مستقبل مشترک ہیں۔ سیاسی اتحاد نہیں، مضبوط تعاون کی دعوت شیخ محمد بن راشد نے واضح کیا کہ وہ خلیجی ممالک کے درمیان سیاسی اتحاد یا ہر ملک کے منفرد تجربے کو نظرانداز کرنے کی بات نہیں کررہے۔ ان کی دعوت باہمی قربت بڑھانے، ادارے مضبوط کرنے، کوششوں میں ہم آہنگی لانے اور اختلافات کو تعمیری انداز میں سنبھالنے کے لیے ہے۔ انہوں نے سات امارات کے عزم یکجا ہونے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ خلیج کے وسائل، امنگیں اور عوام کی ہمت مل جائیں تو بظاہر ناممکن کام بھی قابلِ عمل منصوبے بن سکتے ہیں۔ ان کے مطابق طاقت سب کو ایک جیسا بنانے میں نہیں بلکہ مختلف تجربات کو مشترکہ پیش رفت کا ذریعہ بنانے میں ہے۔ دریں اثنا، اماراتی صدر کے سفارتی مشیر ڈاکٹر انور قرقاش نے پیغام کو اہم وقت پر دانش مندانہ دعوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی طاقت تعاون، قربت اور اختلافات کو سمجھ داری سے سنبھالنے میں ہے، جبکہ پیغام کے نکات غور اور عمل کے متقاضی ہیں۔