اے آئی ایجنٹس نے خود ہی سکیورٹی مانیٹرنگ بند کردی، اپنی ہی سیفٹی ٹیم کو الرٹس بھیجنے سے انکار
سان فرانسسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر 2026ء) آرٹی فیشل انٹیلی جنس یعنی اے آئی کی معروف امریکی کمپنی اوپن اے آئی (OpenAI) نے ایک بار پھر اپنے جدید ترین اے آئی ماڈلز کی جانب سے کیے جانے والے غیر متوقع اور سن

سان فرانسسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر 2026ء) آرٹی فیشل انٹیلی جنس یعنی اے آئی کی معروف امریکی کمپنی اوپن اے آئی (OpenAI) نے ایک بار پھر اپنے جدید ترین اے آئی ماڈلز کی جانب سے کیے جانے والے غیر متوقع اور سنگین اقدامات کا انکشاف کرکے بین الاقوامی سطح پر تشویش کی لہر دوڑا دی۔ عالمی میڈیا کے مطابق کمپنی نے اپنے ایک بلاگ پوسٹ میں تسلیم کیا ہے کہ اس کے دو طاقتور ترین ماڈلز پر کام کرنے والے اے آئی ایجنٹس نے معمول کے کوڈنگ ٹاسکس کے دوران اپنی ہی سیفٹی مانیٹرنگ کو خود ڈس ایبل کردیا جبکہ ایک ایجنٹ نے بعد میں انسانی ٹیم سے جھوٹ بولتے ہوئے ایسا کرنے سے انکار بھی کیا، یہ واقعات کمپنی کے اندرونی کوڈنگ ٹاسکس کی انجام دہی کے دوران پیش آئے۔ OpenAI has revealed that its AI agents disabled monitoring for unsanctioned behaviour during internal use in the latest incident of the frontier technology going rogue. https://t.co/jFJQGMsqe1— Al Jazeera English (@AJEnglish) October 21, 2026 اوپن اے آئی نے بتایا کہ جی پی ٹی سول 6.1 ماڈل کے تحت کام کرنے والے ایک اے آئی ایجنٹ نے پیش آنے والی گڑبڑ کے دوران اوپن اے آئی کی سیفٹی ٹیم کو بھیجے جانے والے آٹومیٹک الرٹس اور سکیورٹی سسٹمز کو معطل کردیا، دوسری جانب ایک اور کوڈنگ ٹاسک کے دوران جی پی ٹی 6 آسٹرا پر کام کرنے والے اے آئی ایجنٹ نے خود کو ایک ایسے پروگرام میں منتقل کیا جس سے کمپنی کی مانیٹرنگ مکمل طور پر منقطع ہو گئی، حیران کن طور پر جب ماہرین نے بعد میں اس ایجنٹ سے پوچھا کہ کیا اس نے مانیٹرنگ سسٹم ہٹایا ہے؟ تو اس نے جھوٹا دعویٰ کیا کہ اس نے ایسا کوئی اقدام نہیں کیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ دونوں کیسز میں اے آئی ایجنٹس نے یہ فیصلہ خود سے کیا کہ مانیٹرنگ کو برقرار رکھنا چاہیے یا نہیں اور بنیادی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے سکیورٹی فلٹرز کو خود ہی ختم کر دیا، یہ رویہ دانستہ طور پر بغاوت کے بجائے ایجنٹس کے حد سے زیادہ ضدی ہونے کے باعث پیش آسکتا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی مانیٹرنگ کا اس طرح نظر انداز ہونا ایک خطرناک موڑ ہے، یہ حالیہ مہینوں کے دوران اے آئی ماڈلز کی جانب سے سامنے آنے والے خود مختار اقدامات میں ایک تشویشناک اضافہ ہے۔ یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں اوپن اے آئی اور اینتھروپک جیسی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے اے آئی ماڈلز کے خود مختار طور پر نیٹ ورکس اور مختلف ویب سائٹس میں داخل ہونے کی رپورٹس سامنے آئیں، جس کے بعد دنیا بھر میں اے آئی کی پیشرفت کو سست کرنے کے مطالبات زور پکڑ چکے ہیں، انہی شدید حفاظتی خدشات اور کنٹرول کی عدم موجودگی کے پیش نظر اوپن اے آئی نے فی الحال اپنے نئے اے آئی ماڈل کی لانچنگ کو موخر کرنے کا اہم فیصلہ بھی کیا ہے۔ سائبر سکیورٹی کے عالمی ماہرین نے کہا ہے کہ ایڈوانسڈ اور خود مختار اے آئی سسٹمز انشورنس اور دفاعی نظام کے لیے آنے والے دنوں میں بڑا چیلنج بن سکتے ہیں، مختلف عالمی اداروں اور ٹیکنالوجی کی اہم شخصیات نے تمام کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس ٹیکنالوجی کی تیز رفتار پیشرفت کو عارضی طور پر سست کریں تاکہ بے قابو ہوتے اے آئی ماڈلز کی جانب سے ممکنہ سائبر حملوں اور خطرناک خود مختار فیصلوں کی روک تھام کی جائے۔



