ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر 2026ء) سعودی حکام نے عسیر کے علاقے میں ایک غیرملکی نوجوان کو گرفتار کرلیاہے،جس پر 70 کلوگرام منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق عسیر کے علاقے میں اسپیشل روڈ سیکیورٹی فورسز نے ایک غیرملکی شہری کو گرفتار کیاہے، جو اپنی گاڑی میں چھپا کر 70 کلوگرام منشیات لے جا رہا تھا۔ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور اسے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یا تقسیم سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اطلاعات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا، اور معلومات فراہم کرنے والوں کو کسی قسم کی قانونی ذمہ داری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ ریاض ریجن کی پولیس نے کل سات غیرملکیوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا تھا ،جن پر ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار السبق کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے لیے مختص فورسز نے منگل کے دن ریاض کے علاقے میں معدنی ذخائر کی غیر مجاز کان کنی کرنے پر سات غیر ملکی رہائشیوں کو گرفتار کر لیا ہے، جن کا تعلق افغانستان، پاکستان، بھارت اور یمن سے ہے۔ متعلقہ حکام نے ان کے خلاف مکمل قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ فورسز نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مشینری کے آٹھ یونٹس بھی ضبط کیے ہیں، جنہیں مملکت میں نافذ ماحولیاتی ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زمین کی کھدائی اور نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ماحولیاتی تحفظ کے لیے قائم اسپیشل فورسزنے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول یا جنگلی حیات کو پہنچنے والے کسی بھی قسم کے نقصان کی اطلاع فوری طور پر دیں۔