دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں پراسرار اور تیز بدبو پھیلنے کی شکایات کے بعد شہریوں میں تشویش پیدا ہوگئی، تاہم شارجہ پولیس نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صورتحال محفوظ اور مستحکم ہے اور فی الحال کسی خطرے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ حکام کے مطابق بدبو کی اصل وجہ معلوم کرنے کیلئے متعلقہ وفاقی اور مقامی ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔ گلف نیوز اور خلیج ٹائمز کی رپورٹس کے مطابق پیر 19 اکتوبر سے شارجہ، دبئی اور بعض دیگر امارات کے رہائشیوں نے فضا میں غیر معمولی بو محسوس ہونے کی شکایات کیں۔ متعدد شہریوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ یہ بو گیس یا ایندھن سے ملتی جلتی تھی، جس کے بعد اس کی وجہ سے متعلق مختلف سوالات اٹھنے لگے۔ شارجہ پولیس نے شہریوں کو کیا بتایا؟ شارجہ پولیس کے کمانڈر انچیف لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ مبارک بن عامر نے شارجہ ٹی وی اور ریڈیو کے پروگرام الخط المباشر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکام کو شارجہ اور اس کے پڑوسی امارات میں غیر معمولی بو پھیلنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ صورتحال مکمل طور پر قابو میں اور مستحکم ہے اور اب تک ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی جو عوام کی سلامتی کیلئے خطرہ ہو۔ پولیس سربراہ کے مطابق متعلقہ سرکاری ادارے پیر سے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور وفاقی و مقامی حکام کے درمیان مسلسل رابطہ موجود ہے۔ مختلف مقامات پر جائزے اور ضروری جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ بدبو کی نوعیت اور اس کے ممکنہ اسباب معلوم کیے جاسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کو جن مقامات پر بدبو محسوس کی گئی تھی وہاں بعد میں یہ ختم ہوگئی، تاہم احتیاطی طور پر نگرانی اور جانچ کا عمل جاری رکھا گیا ہے۔ پراسرار بدبو کی اصل وجہ کیا ہے؟ حکام نے تاحال بدبو پھیلنے کی حتمی وجہ نہیں بتائی۔ اگرچہ بعض شہریوں نے اسے گیس یا ایندھن جیسی بو قرار دیا ہے، تاہم اس بنیاد پر کسی گیس لیکج، صنعتی حادثے یا کیمیائی اخراج کی تصدیق نہیں ہوئی۔ شارجہ پولیس کے سربراہ نے واضح کیا کہ یہ معاملہ صرف شارجہ تک محدود نہیں بلکہ دیگر امارات سے بھی شکایات سامنے آئی ہیں، اس لیے متعلقہ وفاقی ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کے مطابق وفاقی حکام کی جانب سے ایک تفصیلی رپورٹ جاری کیے جانے کی توقع ہے، جس میں بدبو کی نوعیت اور اس کے اسباب سے متعلق مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ شہریوں کو صورتحال کے بارے میں سوالات کرنے اور درست معلومات حاصل کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کی سلامتی اولین ترجیح ہے اور متعلقہ ادارے کسی بھی ممکنہ خطرے کی نشاندہی کیلئے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ حکام نے شہریوں سے غیر ضروری پریشانی سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے اور مزید معلومات دستیاب ہونے پر عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔