ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر 2026ء) سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری کو ہیروئن اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر پھانسی کی سزا سنائی گئی ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق پاکستانی شہری قسمت گل نے مملکت میں ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش کی ۔سعودیہ پہنچنے پر سکیورٹی حکام نے اسے گرفتار کر لیا اور بعد ازاں ہونے والی تحقیقات کے نتیجے میں اس پر فرد جرم عائد کیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزم کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات میں قصوروار پایا گیا اور تعزیر کے طور پر سزائے موت سنائی گئی۔ اپیل دائر کرنے اور سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلے کی توثیق کے بعد یہ فیصلہ حتمی ہو گیا۔ شریعت کے مطابق اس سزا پر عمل درآمد کے لیے ایک شاہی حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مکہ ریجن میں پیر کے روز مجرم قسمت گل کے خلاف تعزیری سزا کے طور پر سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے شہریوں اور مقیم افراد کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھے گی۔ وزارت نے اس بات پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اشیاء کی اسمگلنگ یا تقسیم میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین قانونی سزائیں دی جائیں گی، کیونکہ ان کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہوتی ہیں، نوجوانوں، افراد اور مجموعی طور پر معاشرے کو شدید نقصان پہنچتا ہے، اور لوگوں کے حقوق کی پامالی ہوتی ہے۔ وزارت داخلہ نے منشیات اسمگلنگ اور فروخت میں ملوث افراد کو خبردار کیا کہ انہیں اسلامی قانون کے مطابق مقررہ سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ روان ہفتے میں سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے مکہ مکرمہ کی ایک مسجد کے اندر غیر اخلاقی و ناپسندیدہ حرکات کے جرم میں سزا پانے والے بنگلہ دیشی مرد اور خاتون کو سزائے موت دیئے جانے کا باضابطہ اعلان کردیاتھا ۔