پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر 2026ء) فرانس کے دارالحکومت پیرس و دیگر شہروں میں سترہ اکتوبر کے پرتشدد مظاہروں میں ہونے والی جھڑپوں اور لوٹ مار کے بعد فرانسیسی وزیرِ داخلہ لوراں نونیز شدید تنقید کی زد میں آگئے۔  عوام کی بڑی تعداد اور کئی سیاسی راہنماؤں نے وزیر داخلہ کی کارکردگی پر سوال اٹھائے ، جس پر اتوار کو وزیرداخلہ لوران نونیز نے اپنا استعفی فرانسیسی صدر کو پیش کردیا ، صدر ایمانوئل میکرون نے وزیرِ داخلہ لوراں نونیز کا استعفیٰ مسترد کر دیا۔ پرتشدد مظاہروں کے بعد پولیس اور سکیورٹی اداروں میں کمان کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے میکرون نے وزیرِ داخلہ کو عہدے پر رہنے کی ہدایت کر دی۔ وزیرداخلہ لوراں نونیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  "میں نے استعفیٰ اس لیے دیا کہ جو کچھ ہؤا ہے میں اس کا ذمہ دار ہوں۔ مجھ میں قومی مفاد کا احساس ہے، اور جتنا نقصان ہوا ہے اس کے پیشِ نظر استعفیٰ دینا فطری تھا۔ پیر کو فرانسیسی صدارتی  محل “ ایلیزے پیلس “ سے  جاری بیان کے مطابق اس کی وجہ موجودہ حالات میں سکیورٹی فورسز کی مسلسل کمان کی ضرورت ہے۔ صدر نے وزیرداخلہ لوراں نونیز سے یہ بھی کہا کہ وہ "توڑ پھوڑ کرنے والوں" کے مقابلے کے لیے امن و امان برقرار رکھنے کی نئی حکمتِ عملی نافذ کریں۔ ایک متعلقہ رپورٹ میں پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ 17 اکتوبر کو سکیورٹی انتظامات ضرورت سے کم تھے۔