ابوظہبی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 9 ہزار سے زائد الیکٹرک اسکوٹر ضبط
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے الیکٹرک اسکوٹر استعمال کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کے دوران رواں سال ک

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے الیکٹرک اسکوٹر استعمال کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیوں کے دوران رواں سال کے ابتدائی 10 ماہ میں 9 ہزار 237 الیکٹرک اسکوٹر ضبط کر لیے گئے ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ابوظہبی پولیس نے بتایا کہ یہ کارروائیاں سڑکوں پر حادثات کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے کی گئیں، ضبط کیے جانے والے اسکوٹرز کو مرکزی سڑکوں، گاڑیوں کے درمیان اور ایسے راستوں پر چلایا جا رہا تھا جہاں ان کے استعمال کی اجازت نہیں ہے، اس قسم کی خلاف ورزیاں ناصرف الیکٹرک اسکوٹر چلانے والوں بلکہ دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں اور پیدل چلنے والے افراد کیلئے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔ الیکٹرک اسکوٹر چلانے والوں کی خطرناک غلطیاں ابوظہبی پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈائریکٹوریٹ نے الیکٹرک اسکوٹر استعمال کرنے والوں کی چند خطرناک عادات کی نشاندہی کی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ بعض افراد ٹریفک کی صورتحال پر توجہ دیے بغیر اسکوٹر چلاتے ہیں، جبکہ کئی لوگ حفاظتی ہیلمٹ اور دیگر ضروری سامان استعمال نہیں کرتے۔ اسی طرح چلتی ہوئی گاڑیوں کے درمیان سے گزرنا اور مصروف سڑکوں پر الیکٹرک اسکوٹر چلانا بھی خطرناک خلاف ورزیوں میں شامل ہے، حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایسی لاپروائی سنگین ٹریفک حادثات، شدید زخمی ہونے یا جان جانے کا سبب بن سکتی ہے، شہری الیکٹرک اسکوٹر صرف مخصوص راستوں اور اجازت یافتہ علاقوں میں چلائیں اور ہیلمٹ سمیت ضروری حفاظتی سامان کا استعمال یقینی بنائیں۔ ابوظہبی میں کن مقامات پر الیکٹرک اسکوٹر چلانا ممنوع ہے؟ ابوظہبی میں الیکٹرک اسکوٹر کے استعمال کیلئے باقاعدہ قوانین موجود ہیں، جن کے تحت بعض سڑکوں اور عوامی مقامات پر ان کا استعمال ممنوع ہے، ان مقامات میں پیدل چلنے اور جاگنگ کیلئے مخصوص راستے، بغیر اجازت فٹ پاتھ، 60 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ رفتار کی حد والی بعض سڑکیں اور ایسے پل یا سرنگیں شامل ہیں جہاں سائیکل یا اسکوٹر کیلئے علیحدہ راستہ موجود نہیں۔ اس کے علاوہ ان علاقوں میں بھی الیکٹرک اسکوٹر چلانے کی اجازت نہیں جہاں مستقل یا عارضی سائن بورڈز کے ذریعے پابندی عائد کی گئی ہو، بعض مخصوص خلاف ورزیوں پر 500 درہم تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ الیکٹرک اسکوٹر کہاں چلانے کی اجازت ہے؟ ابوظہبی میں متعلقہ ٹرانسپورٹ حکام کی جانب سے منظور شدہ راستوں پر الیکٹرک اسکوٹر استعمال کیے جا سکتے ہیں، ان میں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رفتار کی حد والی بعض اندرونی سڑکیں، سائیکلوں کیلئے مخصوص راستے اور ایسے مشترکہ راستے شامل ہیں جہاں الیکٹرک اسکوٹر چلانے کی باقاعدہ اجازت موجود ہو، تاہم شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی راستے پر اسکوٹر چلانے سے پہلے وہاں موجود ٹریفک علامات اور مقامی قوانین کی پابندی یقینی بنائیں۔ متحدہ عرب امارات میں الیکٹرک اسکوٹر حادثات میں اضافہ متحدہ عرب امارات میں الیکٹرک اسکوٹر کے بڑھتے استعمال کے ساتھ حادثات سے متعلق خدشات بھی بڑھ رہے ہیں، دی نیشنل کی رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ملک میں الیکٹرک اسکوٹر کے سنگین حادثات کی تعداد 2024ء میں 61 تھی، جو 2025ء میں بڑھ کر 120 ہوگئی، اس طرح ایک سال کے دوران ایسے حادثات کی تعداد تقریباً دوگنی ہوگئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک سروے میں 93 فیصد افراد نے بتایا انہوں نے الیکٹرک اسکوٹر استعمال کرنے والوں کو غیر محفوظ انداز میں اسکوٹر چلاتے دیکھا، جبکہ 90 فیصد نے ایسے رویوں سے اپنی سلامتی کو خطرہ محسوس کرنے کا اظہار کیا، حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرک اسکوٹر مختصر فاصلے کے سفر کیلئے ایک آسان اور نسبتاً کم خرچ ذریعہ ضرور ہیں، لیکن ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ان کے استعمال کو خطرناک بنا سکتی ہے۔ دبئی میں بھی سینکڑوں اسکوٹر ضبط کیے گئے ابوظہبی کے علاوہ دبئی میں بھی الیکٹرک اسکوٹر اور سائیکلوں کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، خلیج ٹائمز کی 5 اکتوبر کی رپورٹ سے پتہ چلا تھا کہ دبئی پولیس نے نائف کے علاقے میں واقع گولڈ سوک کے اطراف کارروائی کرتے ہوئے 408 اسکوٹر، الیکٹرک بائیکس اور سائیکلیں ضبط کی تھیں، ان میں 300 الیکٹرک اسکوٹر، 50 الیکٹرک بائیکس اور 58 عام سائیکلیں شامل تھیں۔ پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی، جبکہ آگاہی مہم کے دوران 932 افراد کو محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں، دبئی پولیس نے بتایا کہ اس کارروائی کا مقصد حادثات کی روک تھام اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔ اسکوٹر استعمال کرنے والے غیر ملکی رہائشیوں کیلئے اہم ہدایات متحدہ عرب امارات میں بڑی تعداد میں غیر ملکی رہائشی، جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں، روزمرہ سفر اور کام کی جگہوں تک پہنچنے کیلئے الیکٹرک اسکوٹر استعمال کرتے ہیں، ابوظہبی پولیس کی تازہ کارروائیوں کے پیش نظر اسکوٹر استعمال کرنے والوں کیلئے ضروری ہے کہ وہ منظور شدہ راستوں کا انتخاب کریں۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ حفاظتی ہیلمٹ پہنیں اور مرکزی سڑکوں یا چلتی گاڑیوں کے درمیان اسکوٹر چلانے سے گریز کریں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ سڑکوں پر سفر کرنے والے تمام افراد کی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔



