خطے میں بڑھتی کشیدگی، سعودی وزیر دفاع کی اماراتی صدر سے اہم ملاقات
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر 2026ء) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے دوران سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید ال

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر 2026ء) مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے دوران سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ابوظہبی میں اہم ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے، خطے کی تازہ صورتحال اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی پریس ایجنسی اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے وام کے مطابق سعودی وزیر دفاع نے اتوار کے روز سعودی قیادت کی ہدایت پر ابوظہبی کا دورہ کیا، جہاں اماراتی صدر نے ان کا استقبال کیا، ملاقات کے آغاز میں شہزادہ خالد بن سلمان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے اماراتی صدر کو خیرسگالی کے پیغامات اور نیک خواہشات پہنچائیں، شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی سعودی فرمانروا اور ولی عہد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے شہزادہ خالد بن سلمان سے اپنے پیغامات پہنچانے کی درخواست کی۔ علاقائی صورتحال اور خلیجی تعاون پر اہم بات چیت ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور خطے میں ہونے والی حالیہ پیشرفت بھی زیر بحث آئی، دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام کو مضبوط بنانے، باہمی تعاون بڑھانے اور مشترکہ خلیجی اقدامات کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اماراتی صدر سے دونوں ممالک کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی مضبوطی، علاقائی پیشرفت اور مشترکہ خلیجی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر بات چیت کی، ملاقات میں خطے کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعاون مزید مستحکم بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ بتوجيه من القيادة الرشيدة -أيدها الله- التقيت صاحب السمو الشيخ محمد بن زايد آل نهيان رئيس دولة الإمارات العربية المتحدة الشقيقة @MohamedBinZayed .نقلت تحيات سيدي خادم الحرمين الشريفين وسمو سيدي ولي العهد رئيس مجلس الوزراء -حفظهما الله- إلى سموه، وأكدنا عمق العلاقات الأخوية… pic.twitter.com/tqhkix4niv— Khalid bin Salman خالد بن سلمان (@kbsalsaud) October 18, 2026 اماراتی نائب صدر اور قومی سلامتی کے مشیر بھی ملاقات میں شریک سرکاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مطابق ملاقات میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی دیوان کے سربراہ شیخ منصور بن زاید النہیان بھی شریک تھے، ان کے علاوہ ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان، صدارتی دیوان کے نائب سربراہ شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ سعودی وزیر دفاع کی شیخ منصور بن زاید سے الگ ملاقات اماراتی خبر رساں ادارے وام نے بتایا کہ سعودی وزیر دفاع نے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ منصور بن زاید النہیان سے بھی علیحدہ ملاقات کی، شیخ منصور بن زاید نے ابوظہبی کے البطین ایئرپورٹ پر سعودی وزیر دفاع کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں بھی علاقائی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے امور زیر بحث آئے، جبکہ خطے میں امن و استحکام کیلئے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا، ملاقات میں اماراتی قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے، جن میں سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکریٹری جنرل علی بن حماد الشامسی اور قومی ادارہ برائے ہنگامی حالات و بحرانوں کے سربراہ علی سعید النیادی شامل تھے، سعودی وفد میں وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس امور ہشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی موجود تھے۔ ملاقات کی اہمیت کیا ہے؟ سعودی وزیر دفاع کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ میں علاقائی سلامتی اور فوجی تعاون سے متعلق معاملات غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکے ہیں، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات خلیجی خطے کے دو اہم ممالک ہیں، جن کے درمیان دفاعی، سیاسی اور اقتصادی تعاون علاقائی استحکام کیلئے اہم سمجھا جاتا ہے، دونوں ممالک ماضی میں یمن میں حوثیوں کے خلاف قائم ہونے والے فوجی اتحاد کا بھی حصہ رہے ہیں، تاہم یمن کے سیاسی مستقبل اور جنوبی علاقوں میں مختلف گروہوں کی حمایت کے معاملے پر ان کے مؤقف میں اختلافات سامنے آتے رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں برطانوی اخبار دی گارڈین نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات یمن میں حوثیوں کے خلاف سرگرم فورسز کی حمایت کیلئے تعاون بحال کرنے پر متفق ہوئے ہیں، تاہم اتوار کو ہونے والی ملاقاتوں کے سرکاری اعلامیوں میں یمن سے متعلق کسی نئے فوجی معاہدے، مشترکہ کارروائی یا اماراتی فورسز کی دوبارہ تعیناتی کا اعلان نہیں کیا گیا، اسی طرح ملاقات کے دوران ایران یا یمن سے متعلق کسی مخصوص فیصلے کی تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں، دونوں ممالک کے سرکاری بیانات میں علاقائی صورتحال، باہمی تعاون اور خلیجی سلامتی کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔



