ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کے میزائل حملے میں بال بال بچنے والی خاتون نے خوفناک روداد سنا دی
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر 2026ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثیوں کے میزائل حملے میں بال بال بچنے والی دبئی کی رہائشی خاتون نے اپنی خوفناک روداد بیان کرتے ہوئے

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر 2026ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثیوں کے میزائل حملے میں بال بال بچنے والی دبئی کی رہائشی خاتون نے اپنی خوفناک روداد بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مسافر ایک طرف دھکیل دیے گئے، ہر طرف دھواں پھیل گیا اور ایسا محسوس ہوا جیسے دنیا ختم ہونے والی ہے۔ خلیجی اخبار خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں تعلقات عامہ کے شعبے سے وابستہ سنائرہ سہیل (Sunaira Sohail) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ایک کنسرٹ میں شرکت کیلئے اکیلے سفر کر رہی تھیں، تاہم ریاض ایئرپورٹ پر حوثیوں کے حملے کے بعد ان کا سفر ایک خوفناک تجربے میں تبدیل ہوگیا۔ سنائرہ سہیل نے بتایا کہ وہ بنکاک جانے والی اپنی اگلی پرواز کا بورڈنگ پاس اپ ڈیٹ کروانے کیلئے ایئرپورٹ کے کاؤنٹر پر قطار میں کھڑی تھیں کہ اچانک قریب ہی ایک زوردار دھماکا ہوا۔ ان کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ وہاں موجود مسافر جھٹکے سے ایک طرف دھکیل دیے گئے اور چند ہی لمحوں میں پورا علاقہ دھوئیں سے بھر گیا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد ایئرپورٹ پر خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ چیخ رہے تھے اور بعض مسافر رونے لگے۔ اس موقع پر انہیں ایسا محسوس ہوا کہ شاید وہ زندہ واپس نہیں جا سکیں گی۔ سنائرہ سہیل کا کہنا تھا کہ دھماکے کے فوراً بعد ایئرپورٹ پر خطرے کے الارم بجنے لگے، تاہم ابتدائی لمحات میں مسافروں کی رہنمائی کیلئے کوئی اہلکار موجود نہیں تھا۔ بعد ازاں حکام نے تمام مسافروں کو ایئرپورٹ کے آمد والے حصے کی جانب منتقل ہونے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانزٹ مسافر خاص طور پر پریشان تھے کیونکہ ان کے پاس سعودی عرب میں داخلے کی مہر موجود نہیں تھی اور انہیں خدشہ تھا کہ اگر وہ ایئرپورٹ کے مخصوص حصے سے باہر نکل گئے تو دوبارہ داخل نہیں ہو سکیں گے، تاہم حکام نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ اس حوالے سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ دھماکے کے بعد موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ بھی بند ہوگیا دبئی کی رہائشی خاتون کے مطابق حملے کے بعد موبائل فون نیٹ ورک اور ایئرپورٹ کا وائی فائی بھی کام کرنا بند ہوگیا، جس کے باعث وہ دبئی میں موجود اپنے اہل خانہ سے رابطہ نہیں کر پا رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاض روانگی سے چند گھنٹے قبل انہوں نے اپنی ایئرلائن سے رابطہ کرکے پوچھا تھا کہ آیا خطے میں جاری کشیدگی کے باعث ان کی پرواز متاثر تو نہیں ہوگی، تاہم انہیں بتایا گیا کہ تمام پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ سنائرہ سہیل کے مطابق اس یقین دہانی کے باوجود انہیں اندر سے محسوس ہو رہا تھا کہ کچھ ٹھیک نہیں ہے، اسی لیے وہ سفر کے دوران مسلسل قرآن پاک کی تلاوت کرتی رہیں۔ بنکاک جانے والی پرواز بار بار تاخیر کا شکار ہوتی رہی خاتون نے بتایا کہ وہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے ریاض ایئرپورٹ پہنچیں، جہاں سے ان کی بنکاک کیلئے اگلی پرواز رات ڈھائی بجے روانہ ہونا تھی۔ تاہم ان کی پرواز پہلے صبح ساڑھے 5 بجے اور پھر ساڑھے 7 بجے تک مؤخر کر دی گئی۔ ان کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے مسافروں کو طیارے میں سوار کروا دیا گیا، جہاں وہ 2 گھنٹے سے زائد وقت تک بیٹھے رہے، لیکن بعد میں انہیں طیارے سے اتر کر دوبارہ ایئرپورٹ ٹرمینل میں جانے کی ہدایت کر دی گئی۔ سنائرہ سہیل نے بتایا کہ مسلسل تاخیر اور غیر یقینی صورتحال کے باعث وہ تقریباً 26 گھنٹے ریاض ایئرپورٹ پر پھنسی رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دوران انہیں ہالی ووڈ کی مشہور فلم ‘دی ٹرمینل’ یاد آ رہی تھی، جس میں ایک شخص طویل عرصے تک ایئرپورٹ پر پھنس جاتا ہے۔ کھانے، پانی اور رہائش کیلئے بھی مشکلات کا سامنا سنائرہ سہیل نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر پھنسے ہوئے مسافروں کو کئی گھنٹوں تک مناسب کھانا، پانی اور رہائش کی سہولت فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ سعودی ایئرلائن نے بھی مسافروں کو مطلوبہ مدد فراہم نہیں کی۔ ان کے مطابق بعد میں مسافروں کو بتایا گیا کہ رہائش کی سہولت صرف ان افراد کو دستیاب ہوگی جن کے پاس سعودی عرب کا ویزا موجود ہے، جبکہ اس کیلئے تقریباً 140 برطانوی پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے۔ سنائرہ سہیل نے بتایا کہ انہوں نے ابتدا میں بنکاک جانے والی اگلی پرواز کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا، تاہم مسلسل تاخیر کے باعث صورتحال مزید مشکل ہوتی گئی۔ بعد ازاں وہ چند دیگر مسافروں کے ہمراہ ایک مفت شٹل بس میں سوار ہوئیں، جس کے ذریعے پھنسے ہوئے مسافروں کو ہوٹلوں تک منتقل کیا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق بس تقریباً 2 گھنٹے تک مختلف ہوٹلوں کے چکر لگاتی رہی، لیکن تمام ہوٹل مکمل طور پر بھرے ہوئے تھے۔ آخرکار ڈرائیور نے انہیں ایک میٹرو اسٹیشن کے قریب اتار دیا اور کہا کہ وہ اپنی رہائش کا انتظام خود کریں۔ سنائرہ سہیل نے بتایا کہ بعد میں انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ایئرپورٹ سے تقریباً 15 منٹ کے فاصلے پر ایک عارضی رہائش حاصل کی۔ پولیس کی جانب سے انہیں بتایا گیا تھا کہ ایئرپورٹ اگلے روز دوبارہ کھل جائے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔ سامان بھی لاپتا ہوگیا، ایئرلائن اور ایئرپورٹ انتظامیہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے لگے دبئی کی رہائشی خاتون نے بتایا کہ ان کے سفری سامان کا بھی کوئی سراغ نہیں مل رہا تھا۔ ان کے مطابق جب انہوں نے ایئرلائن سے رابطہ کیا تو انہیں بتایا گیا کہ سامان کی ذمہ داری ایئرپورٹ انتظامیہ کی ہے، جبکہ ایئرپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی ذمہ دار ایئرلائن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں یہ تصدیق کرنے والی دستاویز حاصل کرنے میں بھی مشکلات پیش آئیں کہ انہیں ایئرپورٹ سے ہنگامی طور پر نکالا گیا تھا۔ اس دوران ان کے بعض ساتھی مسافروں نے قطر کے دارالحکومت دوحہ کا رخ کیا، جہاں سے وہ متبادل پروازوں کے ذریعے برطانیہ اور امریکہ روانہ ہوگئے۔ ریاض سے بس کے ذریعے 17 گھنٹے کا سفر کرکے متحدہ عرب امارات پہنچیں سنائرہ سہیل کے مطابق کئی روز کی مشکلات کے بعد انہوں نے سعودی عرب سے نکلنے کیلئے فوری ویزا حاصل کیا اور ریاض سے متحدہ عرب امارات جانے والی بس میں سوار ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ بس شام 4 بجے ریاض سے روانہ ہوئی اور اگلی صبح 9 بجے ابوظہبی پہنچی۔ ان کے مطابق واپسی کے سفر کے دوران بھی خطرے کی صورتحال برقرار رہی اور مسافروں کے موبائل فونز پر فضائی حملوں سے متعلق انتباہی پیغامات موصول ہوتے رہے۔ سنائرہ سہیل نے بتایا کہ ایک موقع پر ان کے موبائل فون پر خطرے کا الرٹ موصول ہوا اور جب انہوں نے آسمان کی جانب دیکھا تو ان کی آنکھوں کے سامنے ایک فضائی خطرے کو روکنے کی کارروائی ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا منظر انہوں نے اس سے پہلے صرف فلموں میں دیکھا تھا۔ 5 روز بعد بھی سامان اور ٹکٹ کی رقم واپس نہیں ملی خاتون نے بتایا کہ واقعے کے 5 روز سے زائد گزرنے کے باوجود انہیں نہ اپنا لاپتا سامان واپس ملا اور نہ ہی منسوخ ہونے والی پروازوں کے ٹکٹوں کی رقم واپس کی گئی۔ سنائرہ سہیل کے مطابق یہ ان کی زندگی کا پہلا تنہا بین الاقوامی تفریحی سفر تھا، جس کیلئے انہوں نے بہت سی امیدیں وابستہ کر رکھی تھیں، تاہم یہ سفر ان کی زندگی کے خوفناک ترین تجربات میں تبدیل ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مشکلات اور خوفناک لمحات کے باوجود وہ اس بات پر اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہیں کہ بحفاظت متحدہ عرب امارات واپس پہنچ گئیں۔ سعودی عرب پر حملوں کے باعث ہزاروں پروازیں متاثر واضح رہے کہ سعودی عرب میں 8 اکتوبر سے حوثیوں کے میزائل اور ڈرون حملوں میں شدت آنے کے بعد فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق حملوں کے بعد سعودی عرب کے مختلف ہوائی اڈوں سے 4 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ریاض کا شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ہوائی اڈوں میں شامل ہے۔ سعودی حکام نے ریاض ایئرپورٹ کی بندش 17 اکتوبر تک برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا، تاہم فضائی آپریشن کی مکمل بحالی کا انحصار سیکیورٹی صورتحال پر ہے۔ حالیہ حملوں کے باعث سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ متعدد فضائی کمپنیوں نے اپنی پروازیں منسوخ کرنے یا ان کے شیڈول میں تبدیلیاں کرنے کا اعلان کیا۔ فضائی کمپنیوں کی جانب سے مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال معلوم کریں اور ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے متعلقہ ایئرلائن سے تصدیق ضرور کریں۔



