آبنائے ہرمز میں سمندر سے آئی فون نکالنے کی ویڈیوز وائرل، حقیقت کیا ہے؟
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر 2026ء) ایران کے قریب آبنائے ہرمز میں ایک مال بردار بحری جہاز ڈوبنے کے بعد سمندر میں نئے آئی فونز، مہنگے پرفیوم اور دیگر قیمتی اشیاء تیرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائر

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر 2026ء) ایران کے قریب آبنائے ہرمز میں ایک مال بردار بحری جہاز ڈوبنے کے بعد سمندر میں نئے آئی فونز، مہنگے پرفیوم اور دیگر قیمتی اشیاء تیرنے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جن میں بعض افراد کو کشتیوں کے ذریعے سمندر سے سامان جمع کرتے ہوئے دکھایا گیا، تاہم ان ویڈیوز کی حقیقت سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے بھی ایرانی شہریوں کی جانب سے سمندر سے نئے آئی فونز اور دیگر قیمتی سامان نکالنے کی خبر شائع کی، جس کے بعد یہ غیر معمولی واقعہ بین الاقوامی میڈیا اور سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا۔ رپورٹس کے مطابق سنگاپور کے پرچم بردار مال بردار بحری جہاز جی ایف ایس پرائیڈ (GFS Pride) کو آبنائے ہرمز میں پیش آنے والے واقعے کے بعد آگ لگ گئی تھی اور جہاز سمندر میں ڈوب گیا تھا۔ سنگاپور کی میری ٹائم اینڈ پورٹ اتھارٹی نے جہاز ڈوبنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس پر موجود عملے کے تمام 21 ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ بحری جہاز مقررہ راستے سے ہٹ کر ایک غیر مجاز اور خطرناک سمندری راستے سے گزر رہا تھا، جہاں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے باعث اسے نقصان پہنچا۔ تاہم سنگاپور کے حکام کے مطابق جہاز کو نامعلوم نوعیت کے حملے کے بعد نقصان پہنچا تھا۔ جہاز ڈوبنے کے بعد سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز سامنے آئیں جن میں سمندر کی سطح پر سامان کے ڈبے تیرتے دکھائی دیے، جبکہ بعض ویڈیوز میں چھوٹی کشتیوں پر سوار افراد کو مبینہ طور پر آئی فونز اور قیمتی پرفیوم جمع کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان ویڈیوز کے ساتھ دعویٰ کیا گیا کہ جہاز پر ہزاروں نئے آئی فونز اور مہنگے پرفیوم موجود تھے جو جہاز ڈوبنے کے بعد سمندر میں پھیل گئے، جس کے بعد مقامی ماہی گیر اور دیگر افراد قیمتی سامان جمع کرنے کیلئے کشتیوں میں سمندر کی جانب روانہ ہوگئے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔ ایرانی فیکٹ چیکنگ ادارے فیکٹ نامہ نے وائرل تصاویر اور ویڈیوز کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ سمندر سے بڑی تعداد میں آئی فونز نکالنے کے دعوے کے ساتھ شیئر کی جانے والی متعدد تصاویر اور ویڈیوز مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کی گئی ہیں۔ ادارے کے مطابق بعض ویڈیوز میں موبائل فونز کی غیر فطری حرکت، ڈبوں کی غیر معمولی ساخت اور کشتیوں میں موجود افراد کی حرکات سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مناظر حقیقی نہیں ہیں۔ اسی طرح لبنانی اخبار النہار کی فیکٹ چیکنگ ٹیم نے ایک وائرل ویڈیو کی تحقیق کے دوران دریافت کیا کہ اسے 16 اکتوبر کو ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شائع کیا گیا تھا، جہاں اسے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد کے طور پر ظاہر کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ویڈیو کے تجزیے کیلئے استعمال کیے گئے ایک تکنیکی نظام نے بھی اس کے مصنوعی ذہانت سے تیار ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا۔ دوسری جانب خلیجی اخبار دی نیشنل نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جہاز ڈوبنے کے بعد سامان سمندر میں تیرنے کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے ضرور آئی ہیں، تاہم یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ وائرل ویڈیوز میں دکھائے جانے والے تمام مناظر اسی واقعے کے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جہاز پر موجود سامان کی مکمل فہرست بھی منظرعام پر نہیں آئی، اس لیے یہ دعویٰ بھی تصدیق طلب ہے کہ جہاز پر بڑی تعداد میں نئے آئی فونز موجود تھے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آبنائے ہرمز میں حالیہ دنوں کے دوران تجارتی جہازوں پر حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ جی ایف ایس پرائیڈ کے علاوہ دیگر بحری جہازوں کو بھی نقصان پہنچا، جس سے اس اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہ میں تجارتی جہاز رانی کو شدید خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین تجارتی اور توانائی کی گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے خلیجی ممالک کا بڑی مقدار میں تیل اور دیگر سامان عالمی منڈیوں تک پہنچایا جاتا ہے۔ حالیہ علاقائی کشیدگی اور تجارتی جہازوں پر حملوں کے باعث اس سمندری راستے پر جہاز رانی، عالمی تجارت اور سامان کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے واقعات کے دوران سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ اور مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز کے پھیلاؤ سے اصل صورتحال کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔ اس واقعے میں بحری جہاز کا ڈوبنا اور عملے کے تمام افراد کا بحفاظت بچ جانا تصدیق شدہ ہے، تاہم سمندر سے سینکڑوں نئے آئی فونز نکالنے کا دعویٰ اور اس سے منسوب وائرل ویڈیوز مستند شواہد سے ثابت نہیں ہو سکیں۔



