منامہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر 2026ء) بحرین کرمنل کورٹ نے دو ایشیائی باشندوں کو تین سال قید کی سزا سنائی ہے،جو اغوا اور چوری میں ملوث تھے ۔ بحرینی میڈیا کے مطابق ہائی کرمنل کورٹ نے دو ملزمان کو دو افراد پر حملہ کرنے، انہیں اغوا کرنے اور غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے کے جرم میں سزا سنائی ہے اور ملزمان کو اس جرم کا بھی مرتکب قرار دیا گیا کہ انہوں نے متاثرین میں سے ایک کو چاقو دکھا کر دھمکایا اور زبردستی اس کا موبائل فون چھین لیا۔ پبلک پراسیکیوشن نے ملزمان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے ایک عوامی سڑک پر متاثرین میں سے ایک پر حملہ کیا اور زبردستی اس کا موبائل فون چھین لیا۔ ہتھیار ساتھ ہونے کی وجہ سے ملزمان متاثرہ شخص کی مزاحمت پر قابو پانے فون چھیننے اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔