دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اکتوبر 2026ء) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں پولیس نے بغیر ڈرائیونگ ٹیسٹ اور تربیت کے لائسنس بنوانے کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے 8 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا، ملزمان مبینہ طور پر فی لائسنس 10 ہزار درہم وصول کرتے تھے اور دوسرے ملک سے حاصل کردہ ڈرائیونگ لائسنس کو متحدہ عرب امارات کے لائسنس میں تبدیل کروانے کی سہولت فراہم کرتے تھے۔ خلیجی اخبار خلیج ٹائمز اور گلف نیوز کی رپورٹس کے مطابق دبئی پولیس نے ایک منظم گروہ کا سراغ لگایا ہے جو بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کے تبادلے سے متعلق معاہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھا کر لوگوں کو غیر قانونی طریقے سے متحدہ عرب امارات کے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے میں مدد فراہم کر رہا تھا۔ دبئی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ایسے افراد کیلئے ایک پڑوسی ملک کے ڈرائیونگ لائسنس بنواتے تھے جو نہ کبھی اس ملک گئے تھے اور نہ ہی انہوں نے وہاں ڈرائیونگ کی تربیت حاصل کی تھی یا لازمی امتحانات پاس کیے تھے۔ ملزمان ان غیر قانونی طریقے سے حاصل کردہ غیر ملکی لائسنسوں کو بعد ازاں دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کروانے کی کوشش کرتے تھے۔ پولیس کے مطابق اس پورے عمل کیلئے صارفین سے فی لائسنس 10 ہزار درہم وصول کیے جاتے تھے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ساڑھے 7 لاکھ روپے بنتے ہیں۔ دبئی پولیس کے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن نے متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے تعاون سے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے 8 ارکان کو گرفتار کیا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کے اکنامک کرائمز ڈیپارٹمنٹ نے انکشاف کیا کہ ملزمان متحدہ عرب امارات میں دستاویزات اور سرکاری معاملات کی پراسیسنگ کرنے والی کمپنیوں کے دفاتر کو اپنی غیر قانونی سرگرمیوں کیلئے استعمال کرتے تھے۔ ان دفاتر کے ذریعے ایسے افراد سے رابطہ کیا جاتا تھا جو ڈرائیونگ کی باقاعدہ تربیت حاصل کیے بغیر اور امتحانات دیے بغیر متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا چاہتے تھے۔ ملزمان صارفین کو یقین دلاتے تھے کہ انہیں نہ تو کسی دوسرے ملک کا سفر کرنا پڑے گا اور نہ ہی ڈرائیونگ اسکول میں داخلہ لے کر تربیت یا ٹیسٹ دینے کی ضرورت ہوگی۔ اس مقصد کیلئے ایک پڑوسی ملک سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جاتا تھا، جسے بعد میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ موجود بین الاقوامی معاہدوں کے تحت مقامی لائسنس میں تبدیل کروانے کی کوشش کی جاتی تھی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے بعض ممالک کے ساتھ ایسے معاہدے موجود ہیں جن کے تحت مخصوص شرائط پوری کرنے والے افراد اپنے متعلقہ ملک کے قانونی طور پر جاری کردہ ڈرائیونگ لائسنس کو اضافی تربیت یا امتحان کے بغیر متحدہ عرب امارات کے لائسنس میں تبدیل کروا سکتے ہیں۔ تاہم یہ سہولت صرف ان افراد کیلئے ہے جو متعلقہ قوانین اور شرائط کے مطابق پہلے سے درست اور قانونی ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہوں۔ دبئی پولیس کے مطابق گرفتار گروہ اسی قانونی سہولت کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایسے افراد کیلئے لائسنس حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا جو ڈرائیونگ کی لازمی تربیت اور امتحانات کی شرائط پوری نہیں کرتے تھے۔ غیر قانونی لائسنس بنوانے والے صارفین بھی قانونی کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے دبئی پولیس نے خبردار کیا ہے کہ صرف غیر قانونی طریقے سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے گروہوں کے خلاف ہی کارروائی نہیں ہوگی بلکہ ایسے افراد بھی قانونی گرفت میں آسکتے ہیں جو جان بوجھ کر ان خدمات کے ذریعے لائسنس حاصل کرتے ہیں۔ پولیس نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص غیر قانونی طریقے سے کسی دوسرے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرکے اسے متحدہ عرب امارات کے لائسنس میں تبدیل کروا لیتا ہے تو اس سے پہلے کی گئی قانونی خلاف ورزیاں ختم نہیں ہوتیں۔ حکام کے مطابق سرکاری طریقہ کار کے ذریعے لائسنس کی تبدیلی کسی غیر قانونی عمل کو جائز قرار نہیں دے سکتی اور متعلقہ شخص کو اس کی قانونی ذمہ داری سے استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔ دبئی پولیس نے شہریوں اور رہائشیوں کو خبردار کیا کہ بغیر ڈرائیونگ تربیت اور امتحانات کے لائسنس حاصل کرنا محض قانونی خلاف ورزی نہیں بلکہ سڑکوں پر سفر کرنے والے دیگر افراد کی زندگیوں کیلئے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق ڈرائیونگ کی تربیت اور امتحانات کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ گاڑی چلانے والے افراد ٹریفک قوانین سے واقف ہوں اور مختلف حالات میں گاڑی کو محفوظ طریقے سے چلانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اگر ایسے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیے جائیں جنہوں نے مناسب تربیت حاصل نہیں کی تو اس سے سڑکوں پر حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے اور دیگر ڈرائیوروں، مسافروں اور پیدل چلنے والوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔ دبئی پولیس نے متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے صرف منظور شدہ اداروں اور قانونی طریقہ کار سے رجوع کریں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کوئی شخص یا کمپنی بغیر تربیت، امتحان یا قانونی تقاضے پورے کیے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی پیشکش کرے تو اس کی اطلاع متعلقہ حکام کو دی جائے۔ پولیس نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس کے تبادلے سے متعلق معاہدوں کا مقصد قانونی طور پر لائسنس رکھنے والے افراد کیلئے سہولت پیدا کرنا ہے، نہ کہ ڈرائیونگ کی بنیادی شرائط اور حفاظتی ضوابط سے بچنے کا راستہ فراہم کرنا۔ گرفتار ملزمان کی قومیتوں اور اس پڑوسی ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا جہاں سے مبینہ طور پر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے جا رہے تھے۔