ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اکتوبر 2026ء) سعودی محکمہ انسداد منشیات نے چار غیرملکی افراد کو 73 ہزار ممنوعہ گولیاں اسمگلنگ کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے ۔ سعودی اخبار السبق کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے مشرقی صوبے اور خلیس گورنریٹ میں منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ محکہ انسداد منشیات نے بتایا کہ کرسٹل میتھمفیٹامائن کی اسمگلنگ کے الزام میں دو پاکستانی باشندوں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دو یمنی باشندوں کو ایمفیٹامائن گولیاں رکھنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی حکام نے آج اعلان کیا تھا کہ مشرقی صوبے میں محکمہ انسداد منشیات نے دو بنگلادیشی نوجوانوں کو گرفتارکرلیاہے،جن پر منشیات فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ سعودی میڈیا کے مطابق شرقیہ شہر میں مجاہد فورسز کی جنرل ایڈمنسٹریشن کے گشت کرنے والے دستے نے دو بنگلہ دیشی باشندوں کو نشہ آور مادہ میتھم فیٹامین کی تشہیر اور فروخت میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے،اور انہیں مزید ضروری کارروائی کے لیے مجاز اتھارٹی کے پاس بھیج دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یا تقسیم سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اطلاعات کو مکمل صیغہ راز میں رکھا جائے گا، اور معلومات فراہم کرنے والوں کو کسی قسم کی قانونی ذمہ داری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ حکام نے مزید بتایا کہ سعودی سرزمین کو منشیات سے پاک کرنا سیکورٹی فورسز کی اولین ترجیح ہے ،جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔