مسقط میں فیملیز اور بیچلرز کے ایک ہی عمارت میں رہائش پر پابندی
مسقط (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر 2026ء) خلیجی ملک عمان کے دارالحکومت مسقط میں میونسپلٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے کہ ایک ہی عمارت میں شادی شدہ خاندان اور کنوارے افراد یعنی بیچلر ایک ہ

مسقط (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر 2026ء) خلیجی ملک عمان کے دارالحکومت مسقط میں میونسپلٹی کی جانب سے باضابطہ طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے کہ ایک ہی عمارت میں شادی شدہ خاندان اور کنوارے افراد یعنی بیچلر ایک ہی عمارت میں رہائش پزیر نہیں رہ سکتے۔ گلف نیوز کے مطابق میونسپلٹی کے جاری کردہ بیان کی روشنی میں مقامی ضوابط کے تحت رہائشی اور مخلوط رہائشی و تجارتی علاقوں میں ورکرز اور بیچلر کی رہائش گاہیں بنانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، بیان میں مقامی آرڈر نمبر 92/23 کا حوالہ دیا گیا ہے جو مسقط گورنریٹ میں عمارتوں کے استعمال کو باقاعدہ بناتا ہے، اس آرڈر کا آرٹیکل 31 (ڈیلٹا) واضح طور پر رہائشی اور مخلوط علاقوں میں ورکرز یا بیچلر کے لیے رہائشی کمپلیکس یا عمارتیں بنانے کی ممانعت کرتا ہے، اسی دفعہ کے تحت ایک ہی عمارت میں خاندانوں اور بیچلر کو اکٹھا رکھنے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔ مسقط میونسپلٹی کی جانب سے پراپرٹی کے مالکان کو یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ ان قوانین پر سختی سے عمل درآمد کریں، یہ پابندیاں گورنریٹ میں عمارتوں کے استعمال سے متعلق ضوابط کا حصہ ہیں، جن کا مقصد رہائشی محلوں کا تحفظ کرنا اور ایک محفوظ، پرسکون و منظم ماحول کو یقینی بنانا ہے، رہائشی قوانین کی پابندی پراپرٹیز میں رہائش اختیار کرنے سے پہلے ہی شروع ہو جاتی ہے، مالکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر عمارت کی درجہ بندی کی تصدیق کریں اور اسے صرف مجاز مقاصد کے لیے استعمال کریں۔ کاروباری اداروں اور آجروں کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ورکرز کے لیے صحت اور حفاظت کے تمام تقاضوں کو پورا کرنے والے مخصوص علاقوں میں مناسب رہائش کا انتظام کریں، اجازت شدہ گنجائش سے تجاوز کرنا یا منظور شدہ درجہ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عمارتوں کا استعمال کرنا ناصرف خود پراپرٹی بلکہ اردگرد کے ماحول کے لیے بھی مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔ میونسپلٹی نے مزید کہا ہے کہ ایسے اقدامات سے سڑکوں، پارکنگ کی جگہوں اور پبلک سہولیات پر دباؤ بڑھتا ہے، جب کہ صحت و سلامتی کے معیارات متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ اردگرد کے رہائشیوں کو بھی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہٰذا میونسپلٹی کی طرف سے نے پراپرٹی مالکان اور کاروباری حضرات پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ اس حوالے سے تعاون کریں تاکہ معیاری زندگی کا تحفظ اور کمیونٹی کے ضوابط کی پاسداری یقینی بنائی جا سکے۔



