حوثیوں کے حملے، سعودی عرب کو فضائی دفاع اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اکتوبر 2026ء) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے لکھا ہے کہ سعودی عرب کو حوثی باغیوں کے مسلسل ڈرون اور میزائل حملوں کے پیشِ نظر سکیورٹی اور فضائی دفاع کے شدید چیلنجز کا سامنا ہے، دفاعی

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اکتوبر 2026ء) امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے لکھا ہے کہ سعودی عرب کو حوثی باغیوں کے مسلسل ڈرون اور میزائل حملوں کے پیشِ نظر سکیورٹی اور فضائی دفاع کے شدید چیلنجز کا سامنا ہے، دفاعی نظام کے لیے استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کے محدود ذخائر نے مملکت کی دفاعی حکمتِ عملی کو مزید پیچیدہ بنا دیا، موجودہ صورتحال میں سعودی حکومت کو اپنی قیادت و تنصیبات کی حفاظت اور معاشی اہداف کی پیشرفت کے درمیان ایک کٹھن توازن برقرار رکھنا ہوگا۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی جانب سے شائع کی جانے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے بڑھتے ہوئے حملوں کے پیشِ نظر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی نقل و حرکت انتہائی سخت اور غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کے تحت کی جا رہی ہے، سعودی حکام نے ولی عہد کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکیورٹی گارڈز تعینات کر رکھے ہیں اور ان کی نقل و حرکت کو بنکرز کی سہولیات سے آراستہ اور محفوظ بنائے گئے مخصوص محلات تک ہی محدود رکھا جا رہا ہے۔ Houthi attacks threaten Saudi Arabia’s oil infrastructure and Crown Prince Mohammed bin Salman’s ambitions to transform the kingdom’s economy https://t.co/1Mq5F5iyzV— The Wall Street Journal (@WSJ) October 12, 2026 رپورٹ میں سعودی انتظامی و سکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ حوثی حملوں کو فضا ہی میں ناکارہ بنانے کے لیے استعمال ہونے والے انٹرسیپٹر میزائلوں کا ذخیرہ تیزی سے کم ہو رہا ہے، اس صورتحال کے باعث سعودی عرب جیسے وسیع و عریض رقبے، اہم توانائی کی تنصیبات اور شاہی محلات کا ایک ساتھ باثر فضائی دفاع کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، سعودی دفاعی حکام مجبوراََ اپنی میزائل دفاعی بیٹریوں کو ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کر رہے ہیں تاکہ زیادہ خطرناک اور حساس ترین تنصیبات کو ترجیحی بنیادوں پر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ حوثیوں کے ساتھ درپیش یہ سیکیورٹی کشیدگی صرف دفاعی نوعیت تک محدود نہیں رہی بلکہ اس نے سعودی عرب کے بڑے معاشی منصوبوں پر بھی دباؤ بڑھا دیا ہے، ولی عہد محمد بن سلمان کا معاشی منصوبہ جو تیل پر انحصار کم کرنے اور معیشت کو متنوع بنانے کے لیے شروع کیا گیا تھا، اب ان سکیورٹی خطرات اور بھاری دفاعی اخراجات کی وجہ سے سست روی یا مشکلات کا شکار ہو سکتا ہے۔



