ریاض (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 12 اکتوبر 2026ء ) سعودی حکام نے باحہ میں مقیم ایک پاکستانی شہری کو حراست میں لیاہے ،جس پر ممنوعہ ادویات فروخت کرنے کا الزام ہے ۔ سعودی اخبار صدی کے مطابق الباحہ ریجن کی پولیس نے ممنوعہ ادویات فروخت کرنے اور ادویات بیچنے کے قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کے الزام میں ایک پاکستانی رہائشی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پبلک سیکیورٹی نے بتایا کہ ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور مزید کارروائی کے لیے اسے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ واضح رہے سعودی حکام نے رواں ہفتے جدہ میں دو پاکستانی شہریوں کو منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہونے پر گرفتار کرنے کی تصدیق کردی تھی ۔ سعودی حکام نے اعلان کیا تھا کہ جدہ گورنریٹ میں جنرل ایڈمنسٹریشن کے گشتی دستوں نے چرس کی اسمگلنگ میں ملوث دو پاکستانی باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزمان کو حراست میں لیا گیا اور مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کرنے سے قبل ان کے خلاف ضروری ضابطہ جاتی اقدامات کیے گئے۔ پچھلے ہفتے جدہ گورنریٹ میں سیکیورٹی گشت کرنے والے دستوں نے آج 42 کلوگرام منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں تیں پاکستانی شہریوں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کی تصدیق کی تھی ۔ محکمہ انسداد منشیات کے حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ منشیات اسمگلروں کی اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں ،تاکہ ان کے خلاف بروقت کاروائی کرکے سعودی سرزمین کو منشیات کی لت سے پاک کیا جاسکے ۔ حکام نے یقین دہانی کی ہے کہ اطلاع دینے والوں کے نام ضیغہ راز میں رکھا جائے گا ، اور انہیں کسی قسم کے کوئی قانونی عمل میں شامل نہیں کیا جائے گا ۔ حکام نے مزید بتایا کہ منشیات کی روک تھام سیکورٹی فورسز کی اولین ترجیح ہے ،جس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔