سعودی عرب اور امریکی افواج کا مل کر عراق میں حملہ
بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2026ء) سعودی عرب اور امریکہ نے عراق میں موجود ایران نواز مسلح گروہوں کے مبینہ ٹھکانوں پر مشترکہ فضائی کارروائی کرتے ہوئے متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، سعودی وزا

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2026ء) سعودی عرب اور امریکہ نے عراق میں موجود ایران نواز مسلح گروہوں کے مبینہ ٹھکانوں پر مشترکہ فضائی کارروائی کرتے ہوئے متعدد اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، سعودی وزارتِ دفاع اور امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ کارروائی حالیہ دنوں میں سعودی تیل تنصیبات اور خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوششوں کے جواب میں کی گئی۔ سعودی وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی رائل ایئر فورس نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ساتھ مکمل رابطے اور تعاون کے تحت عراق کے مختلف علاقوں بصرہ، واسط، کربلا اور نینویٰ کے میدانی علاقوں میں واقع ایران نواز ملیشیاؤں کے مبینہ ٹھکانوں، اسلحہ ڈپوؤں اور لاجسٹک مراکز پر فضائی حملے کیے، کارروائی کا مقصد ان گروہوں کی عسکری صلاحیت کو محدود کرنا اور سعودی عرب کی قومی سلامتی کو لاحق خطرات کا خاتمہ تھا۔ سعودی فوج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں عراق کی سمت سے ریاض اور مشرقی صوبے میں واقع اہم پیٹرولیم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے متعدد ڈرون بھیجے گئے، جنہیں سعودی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا، مملکت اپنی سرحدوں، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی مشترکہ کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی سپاہ پاسدارانِ انقلاب اور اس سے منسلک نیابتی گروہوں کو خطے میں امریکی اور اتحادی مفادات کے خلاف حملوں سے باز رہنا ہوگا جب کہ امریکی حکام کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران امریکا اور سعودی عرب کی تنصیبات پر 30 سے زائد ڈرونز اور بیلسٹک میزائل داغنے کی مبینہ کوششیں کی گئیں جنہیں بروقت ناکام بنا دیا گیا۔ دوسری جانب عراق میں سرگرم عسکری اتحاد اسلامک ریزسٹنس ان عراق نے سعودی اور امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے ان حملوں میں کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی تردید کی ہے، تنظیم نے سعودی عرب کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر اس کے خلاف مزید کارروائیاں کی گئیں تو ان کا سخت جواب دیا جائے گا۔



