سعودی عرب اور امریکہ کے جوہری معاہدے میں اسرائیل سے تعلقات کی شرط کی تردید
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2026ء) سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے جوہری تعاون کے معاہدے کے متن میں اس کے نفاذ کو اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات معمول پر لانے سے مشروط کرنے کی تردید کردی گئی۔

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2026ء) سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے جوہری تعاون کے معاہدے کے متن میں اس کے نفاذ کو اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات معمول پر لانے سے مشروط کرنے کی تردید کردی گئی۔
الشرق بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور امریکہ نے گزشتہ ہفتے جوہری تعاون کے لیے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے ساتھ دوطرفہ حفاظتی اقدامات سے متعلق ایک الگ معاہدہ بھی طے پایا، اس معاہدے کا مقصد سول نیوکلیئر توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان جوہری ٹیکنالوجی سے متعلق شراکت داری کے لیے قانونی اور تکنیکی فریم ورک فراہم کرنا ہے۔ الشرق بلومبرگ سے گفتگو کرنے والے باخبر ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاملے پر سعودی عرب کے مؤقف میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی، ریاض بدستور اس پالیسی پر قائم ہے کہ اسرائیل کے ساتھ مکمل سفارتی تعلقات کا راستہ ایک واضح سیاسی عمل سے ہو کر گزرتا ہے، جس کا اختتام ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام پر ہونا چاہیے، سعودی قیادت اس مؤقف کو اپنی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول تصور کرتی ہے۔ یہ وضاحت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اور امریکہ کے جوہری تعاون کے معاہدے کی حتمی منظوری مکمل طور پر اس بات سے مشروط ہے کہ سعودی عرب ابراہم معاہدوں میں شامل ہو اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے۔



