اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جولائی 2026ء) خلیج فارس میں سکیورٹی کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ اسلام آباد نے خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی ورکرز کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے معلوماتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ خلیج فارس کے خطے میں موجودہ سکیورٹی صورتحال تیزی سے حساس اور غیر یقینی ہوتی جا رہی ہے، اس لیے وہاں مقیم پاکستانی شہری اور ورکرز اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور جہاں تک ممکن ہو محفوظ مقامات پر قیام کریں۔ بیورو نے ہدایت کی ہے کہ فوجی تنصیبات، ہوائی اڈوں، سرکاری عمارتوں اور دیگر حساس مقامات کے قریب جانے سے مکمل اجتناب کیا جائے کیونکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال میں یہ مقامات ممکنہ طور پر نشانہ بن سکتے ہیں، مقامی پولیس، سول ڈیفنس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے جاری کی جانے والی تمام ہدایات اور حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل کیا جائے۔ بیورو آف امیگریشن نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی فوجی نقل و حرکت، میزائل سرگرمیوں، دفاعی کارروائیوں یا انفراسٹرکچر کو ہونے والے ممکنہ نقصانات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانا، انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنا یا کسی اور کو ارسال کرنا متعلقہ ممالک کے قوانین کے تحت سنگین جرم تصور کیا جا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ خلیجی ممالک کے سائبر کرائم قوانین انتہائی سخت ہیں، لہٰذا ان قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری ملک بدری کے ساتھ مستقبل میں کسی بھی خلیجی ملک میں دوبارہ داخلے پر مستقل پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے، پاکستانی شہری کسی بھی قسم کے احتجاج، جلسے یا عوامی مظاہروں میں شرکت سے بھی مکمل گریز کریں، کیونکہ بیشتر خلیجی ممالک میں ایسی سرگرمیاں قانوناً ممنوع ہیں اور ان میں شرکت فوری گرفتاری یا ملک بدری کا سبب بن سکتی ہے۔