پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کاکامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں اسلام آباد میں تربیتی کیمپ کا دورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2026ء) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ نے کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں تربیتی کیمپ کا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2026ء) پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ نے کامن ویلتھ گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد میں تربیتی کیمپ کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل میجر عرفان یونس موجود تھے۔ کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ نے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خریت، کیمپ کے دوران ٹریننگ، سہولیات اور مشکلات کے حوالے سے دریافت کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کوچز سے بھی ملاقات کرکے تربیت کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی پر بات چیت کی۔ کوچز نے بتایا کہ تربیت کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی ہے اور جدید اور اعلیٰ تربیت دے کر مختلف کمیوں کو دور کرنے کی کوشش کی گئی۔ کوچز نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ ارشد حسین سمیت دیگر کوچز محمد نثار خان (پاکستان آرمی) اور محمد لیاقت مغل (پاکستان نیوی) جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں۔ آخر پر کھلاڑیوں اور کوچز نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر کرنل ریٹائرڈ ناصر اعجاز تنگ کا تربیتی کیمپ کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ 5 رکنی قومی باکسنگ ٹیم کے کھلاڑی 21 جولائی کو کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے لئے سکاٹ لینڈ روانہ ہوگی۔ 5 رکنی قومی باکسنگ ٹیم تین مرد کھلاڑی قدرت اللہ، افضل خان پٹھان اور صمامہ رحمان جبکہ دو خواتین کھلاڑی باکسرز میں فاطمہ زہرا اور ملائیکہ زاہد شامل ہیں۔ میجر عرفان یونس ٹیم کے ہمراہ ٹیم منیجر جبکہ محمد نثار خان کوچنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ کامن ویلتھ گیمز 23 جولائی سے 2 اگست تک گلاسگو سکاٹ لینڈ میں کھیلی جائے گی۔



