اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2026ء) جے-30 صبحِ نو پاکستان ورلڈ جونیئر ٹینس چیمپئن شپ پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس گارڈن ایونیو اسلام آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ چیمپئن شپ کےبوائز ڈبلز فائنل میں پاکستان کے عامر مزاری اور عمر جواد ملک نےشاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔پاکستانی جوڑی نے فائنل میں جرمنی کے جیکب لیٹسچ اور سری لنکا کے جین ڈی سارم کو اسٹریٹ سیٹس میں 7-5، 7-5 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی ۔ بوائز سنگلز فائنل میں تھائی لینڈ کے فاسین سنچالونگ نے پاکستان کے احتشام ہمایوں کو 6-0، 6-3 سے شکست دے کر سنگلز کا ٹائٹل جیت لیا۔گرلز سنگلز فائنل میں قازقستان کی ادیما السیپولوا نے اپنی ہم وطن کھلاڑی پولینا سوشکووا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0، 6-0 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ادیما السیپولوا نے چین کی یوکی لی کے ساتھ مل کر گرلز ڈبلز کا ٹائٹل بھی جیت لیا۔ اس جوڑی نے فائنل میں تھائی لینڈ کی پلویپچ ڈاونگکھیاؤ اور انیاوی پیسارنپانوونگ کو سخت مقابلے کے بعد 6-2، 1-6 (10-5) سے شکست دی۔چیمپئن شپ میں 16 ممالک کے مجموعی طور پر 55 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں 33 بوائز اور 22 گرلز شامل تھیں۔ شریک ممالک میں روس، ہانگ کانگ، چین، تھائی لینڈ، قازقستان، بنگلہ دیش، سنگاپور، سری لنکا، سربیا، آسٹریلیا، اسپین، کینیڈا، سویڈن، جرمنی، جاپان اور پاکستان شامل تھے۔ تقریبِ تقسیمِ انعامات کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری تھے جبکہ صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) جناب اعصام الحق قریشی نے مہمانِ اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔اس موقع پر صبحِ نو کی چیئرپرسن شاہدہ کوثر فاروق اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل بھی موجود تھے، جنہوں نے مہمانانِ خصوصی کے ہمراہ کامیاب کھلاڑیوں اور رنرز اپ میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب میں اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق محمود مرتضیٰ، پی ٹی ایف کے سینئر نائب صدر جناب سعید احمد خان، ڈائریکٹر پی ٹی ایف کرنل گل رحمان اور سیکرٹری اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایشن جناب طفیل چیمہ نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں ٹینس کھلاڑیوں، میڈیا نمائندگان، کوچز، والدین اور ٹینس کے شائقین بھی موجود تھے ۔پاکستان ٹینس فیڈریشن نے اس بین الاقوامی جونیئر چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والے اپنے اسپانسرز صبحِ نو، پارک ویو سٹی، دیوان سیمنٹ، بینک الفلاح اور او جی ڈی سی ایل کی قابلِ قدر معاونت کو سراہا، جن کے تعاون سے اس بین الاقوامی ایونٹ کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔ بوائز سنگلز کے فائنل میں فاسین سنچالونگ (تھائی لینڈ) نے احتشام ہمایوں (پاکستان) کو 6-0، 6-3 سے شکست دی۔گرلز سنگلز فائنل میں ادیما السیپولوا (قازقستان) نے پولینا سوشکووا (قازقستان) کو 6-0، 6-0 سے شکست دی۔بوائز ڈبلز فائنل میں عامر مزاری / عمر جواد ملک (پاکستان) نے جیکب لیٹسچ (جرمنی) / جین ڈی سارم (سری لنکا) کو 7-5، 7-5 سے شکست دی۔گرلز ڈبلز فائنل میں ادیما السیپولوا (قازقستان) / یوکی لی (چین) نے پلویپچ ڈاونگکھیاؤ / انیاوی پیسارنپانوونگ (تھائی لینڈ) کو 6-2، 1-6 (10-5) سے شکست دی۔