بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2026ء) چائنا اوپن 2026 کا آغاز مشرقی چین کے صوبے جیانگسو کے شہر چانگژو میں ہو گیا ہے، جہاں پہلے روز چین کے عالمی نمبر ون شی یوچی اور اولمپک چیمپئن چن یوفی نے کامیابی حاصل کر کے ٹاپ 16 رائونڈ میں جگہ بنا لی ہے۔شنہوا کے مطابق شی یوچی کو سنگاپور کے جیسن ٹی کے خلاف پہلے سیٹ میں 18-21 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم دوسرے سیٹ میں جب شی یوچی 2-6 سے آگے تھے تو جیسن ٹی انجری کے باعث دستبردار ہو گئے جس پر چینی کھلاڑی کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ مردوں کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں چین کے وینگ ہونگ یانگ نے ڈنمارک کے تھرڈ سیڈ اینڈرس انتونسن کو سخت مقابلے کے بعد ہرا دیا، جبکہ لو گوانگ زو کو تائیوان کے لن چون یی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں اولمپک چیمپئن چن یوفی نے 91 منٹ جاری رہنے والے اعصاب شکن مقابلے میں جاپان کی ناتسوکی نیدائرا کو 21-19، 19-21 اور 18-21 سے ہرا کر اگلے مرحلے میں قدم رکھا۔ مینز ڈبلز ،ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں چینی کھلاڑی چھائے رہےاور شاندار کارکردگی دکھائی، جہاں مردوں کی ڈبلز جوڑی چن بو یانگ اور لیو یی، خواتین کی ڈبلز میں لیو شینگ شو اور تان ننگ، جبکہ مکسڈ ڈبلز میں گاؤ جیا شوان اور وو مینگ ینگ نے اپنے ابتدائی میچز جیت لیے۔