پی ایس اے سرکٹ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ قومی کھلاڑیوں کے لئے عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا اہم موقع ثابت ہوگا، قمر زمان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2026ء) سابق عالمی سکواش چیمپئن اور خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمر زمان نے کہا ہے آئندہ ماہ پشاور میں منعقد ہونے والا پی ایس اے سرکٹ انٹرنیشنل سک

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2026ء) سابق عالمی سکواش چیمپئن اور خیبرپختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمر زمان نے کہا ہے آئندہ ماہ پشاور میں منعقد ہونے والا پی ایس اے سرکٹ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ قومی کھلاڑیوں کے لیے عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا اہم موقع ثابت ہوگا، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑی سخت محنت، اعلیٰ معیار کی جسمانی فٹنس اور مسلسل تربیت پر توجہ دیں تاکہ ملک ایک بار پھر عالمی سکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے۔ بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ 10 سے 14 اگست تک پشاور میں پی ایس اے سرکٹ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ منعقد ہوگاجس سے قومی کھلاڑیوں کو عالمی رینکنگ بہتر بنانے کا اہم موقع ملے گا، پی ایس اے سرکٹ انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں صرف پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے اور توقع ہے کہ عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے لیے کھلاڑی جلد باقاعدہ تربیت کا آغاز کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی معیار کے ایونٹس نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، تجربہ حاصل کرنے اور عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔قمر زمان نے کہا کہ اس وقت کینیڈا میں ورلڈ جونیئر سکواش چیمپئن شپ جاری ہےجس میں پاکستانی کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، دو پاکستانی کھلاڑی ایونٹ سے باہر ہو چکے ہیں تاہم باقی کھلاڑیوں سے عمدہ کارکردگی کی امید ہے اور پوری قوم ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی سطح پر کامیابی کے لیے اعلیٰ معیار کی جسمانی فٹنس بنیادی شرط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان سکواش کھلاڑیوں کو روزانہ کم از کم چار سے پانچ گھنٹے باقاعدہ تربیت کرنی چاہیے تاکہ وہ اپنی فٹنس برقرار رکھ سکیں اور عالمی مقابلوں میں مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں۔سابق عالمی چیمپئن نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کوئی کمی نہیں، تاہم نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے، سخت محنت کرنے اور دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ قمر زمان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان میں سکواش کا مستقبل روشن ہے اور نوجوان کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑی فٹنس، نظم و ضبط اور مسلسل محنت کو اپنا شعار بنائیں تو پاکستان ایک بار پھر عالمی سکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتا ہے۔\395



